جنوبی پنجاب

میڈیکل ورکشاپ بنانے کی منظوری۔۔۔ ملک بھر میں پانامہ لیکس کے نتیجے میں مچنے والے سیاسی طوفان کو تھمنے میں ابھی کچھ وقت لگے گا تاہم پاکستان کے سیاسی نظام اور حکومتی ڈھانچے کی وجہ سے کسی پر بھی اس کے اثرات مرتب ہونے کی توقع کم ہی کی جا رہی ہے۔دوسری طرف پی ٹی آئی اور پی پی کی طرف سے حکومت مخالف تحریک چلنے کے آثار بھی پیدا ہو رہے ہیں

جمعرات 12 مئی 2016

Janubi punjab
اظہر سلیم مجوکہ :
ملک بھر میں پانامہ لیکس کے نتیجے میں مچنے والے سیاسی طوفان کو تھمنے میں ابھی کچھ وقت لگے گا تاہم پاکستان کے سیاسی نظام اور حکومتی ڈھانچے کی وجہ سے کسی پر بھی اس کے اثرات مرتب ہونے کی توقع کم ہی کی جا رہی ہے۔دوسری طرف پی ٹی آئی اور پی پی کی طرف سے حکومت مخالف تحریک چلنے کے آثار بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ عمران خان کے اسلام آباد میں جلسے اور مصطفی کمال کے کراچی کے شو نے بھی سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ کر دیا ہے۔

جنوبی پنجاب میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی کا بحران بھی سنگین ہو گیا ہے۔
ملتان شہر میں درجنوں فیڈروں کی مرمت بھی نہیں ہو سکی اور ان کی خرابی کی وجہ سے شہریوں کو اذیت کا سامنا ہے ۔ 15گھنٹے تک بجلی کی بندش اور گندم کی کٹائی کے علاقوں میں موسم کی گرمی کی وجہ سے بھی بجلی کا بحران پہلے سے زیادہ شدت اختیار کر گیا ہے۔

(جاری ہے)

عوامی اور سیاسی حلقوں کی طرف سے اس اہم مسئلے کو حل کرنے کا ایک طرح سے مطالبہ کیا جا رہاہے۔

سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی وزارت عظمیٰ سے علیحدگی کے بعد جنوبی پنجاب میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھا دیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل جنوبی پنجاب میں لوڈشیڈنگ اس حد تک نہیں کی جاتی تھی۔
جنوبی پنجاب میں باردانہ کی تقسیم میں بے ضابطگیوں کی وجہ سے کئی شہروں میں کسانوں کے مظاہرے بھی جاری ہیں۔متعدد شہروں میں احتجاج کے دوران انتظامیہ کے حکم پر پولیس کو لاٹھی چارج کی کھلی چھٹی دی گئی ہے۔

جہانیاں وہاڑی ، علی پور، ٹھٹھہ صادق آباد اور سرائے سدھو میں متعدد افرادکے زخمی ہونے کی اطلاعات بھ سامنے آئی ہیں۔ حکومت پنجاب اور محکمہ فوڈ کے دعووں اور اعلانات کے باوجود اس سال بھی کسان گندم کی فصل سے فائدہ مند نتائج حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ۔
جماعت اسلامی کے کے مرکزی سیکرٹری لیاقت بلوچ نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مختلف مذہبی جماعتو ں کی طرف سے نظام مصطفی کے لیے تحریک چلانے کا فیصل کر لیا گیا ہے۔

انہونے اس موقع پر کہا کہ پانامہ لیکس سے عوام نے پہنچان لیا ہے کہ ان کے خون پسینے کی کمائی کون لوٹ رہا ہے اور کون عوام کے ساتھ کتنا مخلص ہے۔
پنجاب کے بیشتر شہروں میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کے لیے پنجاب صاف پانی کمپنی کو 30ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع جن میں ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور وہاڑی شامل ہیں یہاں کے عوام کی طرف سے صاف پانی اور فلٹر پلانٹ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔


جنوبی پنجاب میں بائیو میڈیکل ورکشاپ بنانے کی منطور دے دی گی ہے۔ٹریکٹر پر 3 لاکھ تک سبسڈی دینے کا فیصلہ بھی کیا گیاہے دیہی و بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹروں کی کمی اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کی ہدایت پر کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ پر کام تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

جنوبی پنجاب کے عوامی اور سیاسی حلقوں کی طرف سے اس ورکشاپ کے قیام کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔ نشتر ہسپتال، چلڈرن کمپلیکس اور کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں عوام کے لیے مزید سہولتوں اور جدید مشینری فراہم کرنے کا عوامی مطالبہ بھی سامنے آرہا ہے۔
صوبائی حکومت کی طرف سے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان (پی ایچ اے) کو 30کروڑ کی نئی گرانٹ نہ دینے کے فیصلے پر جنوبی پنجاب کے عوام نے احتجاج کیا ہے۔

آئندہ بجٹ کے اعلان سے قبل پی ایچ اے حکام ملتان کو اس فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس نے اس حوالے سے کسی قسم کی تصدیق سے انکار کیا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ اگر صوبائی حکومت فنڈز کے حوالے سے کوئی فیصلہ کر چکی ہے تو ہمیں اس کی اطلاع یا خبر نہیں ہے۔ جنوبی پنجاب کے عوامی اور سیاسی حلقوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایک طرف وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر جنوبی پنجاب کو میگا پراجیکٹ دینے کا وعدہ کرتے ہیں اور دوسری طرف فنڈز میں کمی کر دی جاتی ہے۔

اس دو عملی پر عوامی حلقوں کی طرف سے احتجاج بھی کیا گیا ہے۔
ملتان میں بجلی کے ادارے میپکو کے 25بڑے نادہندگان کے نام نیب کو دے دئیے گے ہیں۔ 5لاکھ سے زاید کے نادہندگان کے نوٹس کی مدت ختم ہوتے ہی گرفتاریاں بھی کی جائیں گی۔ نشتر میڈیکل کالج اور ہسپتال ملتان کے بورڈ آف منیجمنٹ کے اجلاس میں نشتر برن یونٹ کی مشینری کی خریداری کیلئے ڈیڑھ کروڑ کی منظوری دے دی گئی ہے۔

ایمرجنسی سنٹر کی لیبارٹری کے لیے ضروری آلات کی خریداری کے لیے بھی 32 لاکھ کی رقم مختص کر دی گئی ہے۔
جنوبی پنجاب میں شب برات کے موقت پر آتش بازی کے سامان کی خریدو فروخت پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ غیر قانونی آئل ایجنسیوں اور گیس کی غیر قانونی فلنگ کے خلاف کارروائی کاحکم بھی دیا گیا ہے۔ اعلیٰ انتظامیہ کی طرف سے تھانے کے انچارج ایس ایچ او کو جرائم کی شرح میں مزید کمی کا بھی کہا گیا ہے جبکہ مشکوک افراد کی نگرانی کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔


نشتر میڈیکل کالج ملتان میں سالانہ سیرت کانفرنس کے انعقاد کے موقع پر مقررین نے اسوہ حسنہ پر عمل میں ہی دین اور دنیا کی نجات قرار دیا ہے۔ اس موقع پر جلال الدین رومی سمیت مختلف مقررین نے اظہار خیال بھی کیا اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے باوقار محفل میں شرکت کی۔پی پی ملتان کے رہنمارضوان عالم اور دیگر نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پنجاب میں پارٹی کو فعال بنانے کے لیے کارکنوں کے ساتھ رابطہ مہم جلد شروع کر دی جائے گی۔

پی پی رہنماوں نے زہریلی مٹھائی سے ہلاکتوں میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پی پی رہنماوں کا کہنا تھا کہ اگر متاثرین کو بروقت طبی امدام مل جاتی تو بہت سی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔ضلع لیہ میں زہریلی مٹھائی کھانے سے 32 سے زائد افراد کے ہلاک ہونے پر وزیراعلیٰ سے بھی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
میٹرو منصوبہ چونگی نمبر 9 پر روٹری کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد سڑکیں کشادہ کر دی گئی ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے جنوبی پنجاب کایہ اہم میٹروبس منصوبہ تیزی سے تکمیل کے مراحل کی جانب رواں دواں ہے۔
تاجر رہنما سلیمان صدیقی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ حکومتی رویے کے خلاف جلد نئے منتخب ہونے والے بلدیاتی نمائندوں کا کنونشن بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خواجہ سلیمان صدیقی کے مطابق نظام کو فعال نہ کرنے پر حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا لائحہ عمل بنایا جائے گا۔


مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر بلال بٹ اور دیگر رہنماوں نے پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس چوری کے خلاف واویلا کرنے والے اپنے ذرائع آمدن بتائیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جہانگیر تیرین، علیم خان، چودھری سرور اور عمران خان کی اے ٹی ایم مشینیں ہیں جس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

Janubi punjab is a national article, and listed in the articles section of the site. It was published on 12 May 2016 and is famous in national category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.