آئندہ سال تک تمام گاؤں کو بجلی فرام کر دی جائے گی، رفیق جمالی

منگل 7 جولائی 2009 19:01

دادو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7جولائی ۔2009ء) وزیر مملکت برائے خوراک و زراعت رفیق احمد جمالی نے گاؤں واہی پاندھی میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے عوام کو تمام بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے، اس لئے ہمارے تمام وزراء اور مشیران دن رات عوام کی خدمت میں مشغول ہیں اور ملک کے دور دراز علاقوں میں کھلی کچہریاں منعقد کرکے عوام کو درپیش تکالیف دور کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سال تک بجلی سے محروم دادو ضلع کے تمام گاؤں کو بجلی فرام کر دی جائے گی اور صحت، تعلیم و دیگر شعبوں میں رواں سال انقلابی تبدیلیاں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صدرمملکت آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایات پر سندہ کے تمام اضلاع میں صحت اور تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کا آغاز کیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ سندہ سمیت ملک بھر میں گندم کا بمپر کارپ ہوا ہے اور کپاس اور دھان کے فصل کی بوائی سے قبل رواں سال یوریا کی قلت کو پورا کرنے کا بدوبست کیاگیا ہے جس کے باعث یوریا اور کھاد ملک بھر میں وافر مقدار میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادگاروں اور کسانوں کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کے لئے وزارت خوراک و زراعت میں خصوصی سیل قائم کردیا گیا ہے اور یہ سیل تمام صوبائی دارالحکومت میں بھی کام کرے گا ۔

اس موقع پر وزیر مملکت نے لوگوں کی شکایات سنیں اور ان کے حل کے لئے فوری احکامات جاری کئے۔ قبل ازیں وزیر مملکت رفیق احمد جمالی، صوبائی اسمبلی کے اراکین پیر سید غلام شاہ جیلانی اور ڈاکٹر سجیلا لغاری نے گاؤں سیوو جمالی اور ٹوڑی میں تعمیر ہونے والے روڈ کی اسکیم اور واہی پاندھی گرلز اسکول کو اپ گریڈ کرنے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈی سی او دادو محمد سلیم رضا کھڑو، شردار ڈاتل خان جمالی اور بشیر احمد تھہیم سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے دیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

دادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں