دادو ، سیتا ولیج میں ہجوم نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے مبینہ الزام پر ایک شخص کو ہلاک کرنے کے بعد لاش کو آگ لگا دی، پیش امام کی مدعیت میں نامعلوم مقتول کے خلاف قرآن کی بیحرمتی ، پانچ سو ملزمان کے خلاف تھانے پر حملے اور قتل کا مقدمے درج ،ایس ایچ او سمیت6 پولیس اہلکار معطل، غفلت برتنے کا مقدمہ درج، 30 افراد گرفتار، واقعہ دادو کے علاقے سیتا ولیج میں پیش آیا، لوگوں نے مسجد کے پیش امام کو بتایا کہ ایک شخص نے مبینہ طور پر مسجد میں قرآن کی بے حرمتی کی ہے اور آگ لگائی ،واقعے کے بعد لوگوں نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا،فجر کے وقت سورج کی روشنی کے ساتھ ہی خبر پورے علاقے میں پھیل گئی، ہجوم نے تھانے پر حملہ کردیا،پولیس سے اسلحہ چھین لیا ، ملزم کو لاک اپ سے نکال کر اسے پتھر اور اینٹیں مارمار کر ہلاک کر دیا گیا،ہجوم نے ملزم کی لاش کو ایک کلومیٹر دور ایک چوک تک گھسیٹا ، لاش پر پٹرول چھڑک کر اس کو آگ لگا دی گئی، ملزم کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا، ملزمان کی شناخت کی گئی ہے، ایس ایس پی دادو عثمان غنی کی برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو

ہفتہ 22 دسمبر 2012 15:06

دادو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔22دسمبر 2012ء ) دادو کے علاقے سیتا ولیج میں ہجوم نے قرآن کی بے حرمتی کے مبینہ الزام میں ایک شخص کو ہلاک کرنے کے بعد اس کی لاش پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی،پولیس نے پیش امام کی مدعیت میں نامعلوم مقتول کے خلاف قرآن کی بیحرمتی جبکہ پانچ سو ملزمان کے خلاف تھانے پر حملے اور قتل کا مقدمے درج کردیا۔ سندھ کے علاقے دادو میں ہجوم نے قرآن کی بے حرمتی کے مبینہ الزام میں ایک شخص کو ہلاک کرنے کے بعد اس کی لاش پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

ایس ایس پی دادو عثمان غنی نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ کہ یہ واقعہ دادو کے علاقے سیتا ولیج میں پیش آیا۔ گزشتہ رات ساڑھے تین بجے کے قریب لوگوں نے مسجد کے پیش امام کو بتایا کہ ایک شخص نے مبینہ طور پر مسجد میں قرآن کی بے حرمتی کی ہے اور آگ لگائی ہے۔

(جاری ہے)

اس واقعے کے بعد لوگوں نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس کے مطابق فجر کے وقت سورج کی روشنی کے ساتھ ہی یہ خبر پورے علاقے میں پھیل گئی اور ایک بڑے ہجوم نے تھانے پر حملہ کردیا اور پولیس سے اسلحہ چھین لیا۔

ایس ایس پی نے کہا ہے کہ ملزم کو لاک اپ سے نکال کر اسے پتھر اور اینٹیں مارمار کر ہلاک کر دیا گیا۔ایس ایس پی نے کہا ہے کہ ہجوم نے ملزم کی لاش کو ایک کلومیٹر دور ایک چوک تک گھسیٹا جہاں لاش پر پٹرول چھڑک کر اس کو آگ لگا دی گئی۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ملزم کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا۔مقامی پولیس کی بے بسی کے بعد ایس ایس پی دادو کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچی جس کے بعد 30کے قریب افراد کو گرفتار کیا گیا ۔

ایس ایس پی کے مطابق کچھ ملزمان کی شناخت بھی کی گئی ہے۔سیتا ولیج تھانے کے ایس ایچ او سمیت چھ پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے حراست میں لیا گیا ہے اور ان کے خلاف غفلت برتنے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔دوسری جانب پولیس نے پیش امام کی مدعیت میں نامعلوم مقتول کے خلاف قرآن کی بیحرمتی جبکہ پانچ سو ملزمان کے خلاف تھانے پر حملے اور قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔

دادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں