فیصل آباد سمیت پنجاب کی تمام شوگرملزمیں غیر سرکاری کین ایڈوائزر مقررکرنے کافیصلہ

بدھ 8 نومبر 2006 19:41

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8نومبر۔2006ء) کرشنگ سیزن کے بروقت آغاز ،چینی کی مقررہ مقدار میں سپلائی اورایکس مل ریٹ پر سختی سے عملدرآمد کروانے کیلئے پنجاب کی تمام شوگرملزمیں غیر سرکاری کین ایڈوائزر مقررکرنے کافیصلہ کیا گیاہے۔اس سلسلہ میں تمام اضلاع کے ڈی سی اوز کو 12نومبر سے قبل نمائندوں کی تعیناتی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں اور کئی اضلاع میں نامزدگیاں بھی کردی گئی ہیں۔

حکومت نے یہ اقدام شوگربحران سے پیدا شدہ صورتحال سے بچنے کیلئے اٹھایاہے۔ضلعی انتظامیہ کو چینی کی قیمت کو ہرحالت میں کنٹرول رکھنے کیلئے بھی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ مناپلی کنٹرول اتھارٹی نے حکومت پنجاب کو ایک رپورٹ ارسال کی ہے۔جس میں خدشہ ظاہر کیاگیاہے کہ شوگر ملز مالکان مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے گذشتہ سال کی طرح چینی بحران پیدا کر سکتے ہیں اور قیمتوں میں انتہائی حدتک اضافہ ہونے کاامکان ہے۔

(جاری ہے)

اس رپورٹ کے مطابق حکومت پنجاب نے تمام شوگر ملز میں کین آفیسر تعینات کرنے کافیصلہ کیاہے۔جس کیلئے علاقہ کی بااثر شخصیت کو ترجیح دی جائے گی ۔یہ افراد حکومتی نمائندہ کے طورپراپنے فرائض سرانجام دیں گے اور شوگرملز کی پیداوار،سپلائی ،گنے کی خریداری کے ریٹس،چینی کے ایکس مل ریٹ اورکسانوں کورقوم کی ادائیگی سمیت تمام معاملات کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ تیار کریں گے۔جس کی روشنی میں صوبائی حکومت مزید اقدامات کرے گی۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں