جسٹس افتخار کیخلاف صدارتی ریفرنس واپس نہیں لیاجائیگا۔ شیخ رشید۔۔ نواز شریف ڈیل کے تحت بیرون ملک گئے ، پاکستان آئے تو واپس جدہ بھیج دیا جائیگا۔ وفاقی وزیرریلوے کی صحافیوں سے گفتگو

اتوار 15 اپریل 2007 17:35

فیصل آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین15اپریل2007 ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کے قائد میاں نواز شریف جب بھی پاکستان آئے تو انہیں واپس جدہ بھیج دیا جائے گا کیونکہ وہ ڈیل کے تحت پاکستان سے سعودی عرب گئے تھے۔ جسٹس افتخار کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں زیر سماعت صدارتی ریفرنس واپس نہیں لیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں فیصل آباد ریلوے اسٹیشن پر فیصل آباد کراچی کارگو سروس کیلئے شروع کی جانے والی فریٹ ٹرین کی افتتاحی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف جب بھی پاکستان آئے انہیں واپس جدہ بھیج دیا جائے گا جہاں انہیں ابھی مزید تین سال گزارنے ہیں کیونکہ وہ ایک ڈیل کے تحت پاکستان سے سعودی عرب گئے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو اور حکومت کے درمیان بات چیت کے کیا نتائج نکلیں گے ، وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس افتخار کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں زیر سماعت صدارتی ریفرنس واپس لیا جائے گا اور نہ ہی حکومت اس قسم کا کوئی ارادہ رکھتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وکلا ء نے سیاست دانوں کی کالے کوٹ میں گھسنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے ۔ اس سے پہلے تقریب سے خطاب میں ریلوے کے وفاقی وزیر نے کہا کہ فیصل آباد جیسے صنعتی شہر سے ٹرین کارگو سروس بہت پہلے شروع ہو جانی چاہئے تھی لیکن ریلوے میں موجود لوگ صرف سلیکشن اور پروموشن کے چکر میں رہتے ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں