فیصل آباد ، جامعہ قاسمیہ کے طالبعلموں کا فحاشی کے اڈے پر چھاپہ،جھڑپ کے بعد ایک طالبعلم گرفتار،فحاشی میں اضافہ ہوا ہے ، حکومت کی طرف سے خاموشی کی وجہ سے دینی طبقہ کو مجبوراً راست اقدام کرنا پڑ رہا ہے ، صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی

جمعرات 19 اپریل 2007 22:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اپریل۔2007ء) فیصل آباد میں بھی جامعہ حفصہ طرز کی کاروائی، جامعہ قاسمیہ کے طالبعلموں کا فحاشی کے اڈے پر چھاپہ۔ جھڑپ کے بعد ایک طالبعلم گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ غلام محمد آباد کے علاقہ اے بلاک میں قائم جامعہ قاسمیہ کے طلبہ کو محلہ داروں کی طرف سے خاتون کے متعلق اطلاع ملی کہ اس نے گھر میں فحاشی کا اڈا کھول رکھا ہے جس کی وجہ سے علاقہ بھر میں تشویش پھیلی ہوئی ہے اور شریف عورتوں کا گھروں سے نکلنا دوبھر ہو چکا ہے جس پر گزشتہ روز مدرسہ کے طلبہ نے اس گھر پر دھاوا بول دیا تاہم گھر کے مکینوں نے چھتوں سے پتھراؤ کیا جس پر طلبہ منتشر ہو گئے جبکہ وزیر علی نامی ایک طالبعلم بند گلی میں داخل ہونے کی وجہ سے پکڑا گیا جسے تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے ڈکیتی کے الزام میں اس طالبعلم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ جامعہ قاسمیہ کے مہتمم صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ حقوق نسواں بل کی منظوری کے بعد فحاشی وعریانی میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور حکومت کی طرف سے خاموشی کی وجہ سے دینی طبقہ کو مجبوراً راست اقدام کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ قاسمیہ نے ہمیشہ امن وآشتی اور پیار ومحبت کا پیغام دیا ہے۔ مدرسہ کے طلبہ اپنے طور پر برائی کو ختم کرنے کے لیے گئے تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فحاشی وعریانی کی روک تھام کرے تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں