مسلم لیگ میں کوئی اختلافات نہیں‘ جمالی جماعت چھوڑ چکے ہیں ۔ چوہدری شجاعت حسین۔۔بینظیر بھٹو کے ساتھ ڈیل نہیں ڈھیل دی گئی ہے‘ اور یہ ڈھیل نواز شریف کو بھی دی جاسکتی ہے۔ نواز شریف عدالت جائے بغیر بھی واپس آسکتے ہیں

اتوار 5 اگست 2007 17:20

فیصل آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین05 اگست 2007) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو کے ساتھ ڈیل نہیں ڈھیل دی گئی ہے اور یہ نواز شریف سمیت سب کو دی جاسکتی ہے‘ ظفر الله جمالی (ق) لیگ چھوڑ چکے ہیں انہیں مسلم لیگ کے خلاف ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئیں‘ مسلم لیگ میں کوئی انتشار نہیں‘ نواز شریف عدالت کے بغیر بھی پاکستان آسکتے ہیں تاہم ان کا طیارہ یہاں لینڈ کریگا یا واپس بھیج دیا جائے گا اس بارے فیصلہ ان کی آمد کے موقع پر ہی کیا جائے گا‘ جمہوریت کے حوالے سے شیخ رشید احمد کے بیانات ان کا ذاتی خیال ہے‘ جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں۔

اتوار کے روز یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہورہی صرف انہیں ڈھیل دی جارہی ہے اور یہ ڈھیل نواز شریف سمیت سب کو دی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ اپنے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لے گی اور اس کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہی ہوگا۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ظفر الله جمالی پارٹی چھوڑ چکے ہیں انہیں مسلم لیگ کے خلاف ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں مسلم لیگ میں کوئی انتشار نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ظفر الله جمالی کا یہ کہنا کہ چوہدریوں کی سیاست گجرات تک محدود ہے یہ ان کی ذاتی سوچ ہے مسلم لیگ ایک ہمہ گیر جماعت ہے جو پورے ملک میں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں مسلم لیگ کے صدر نے کہا کہ ملک میں جمہوریت مستحکم ہے اسے کوئی خطرہ نہیں اور نہ ہی جمہوریت کی گاڑی پٹڑی سے اترنے کا کوئی خطرہ ہے اس حوالے سے شیخ رشید احمد کا بیان ان کی ذاتی سوچ ہوسکتی ہے۔ چوہدری شجاعت نے کہا کہ نواز شریف نے وطن واپسی کے لئے عدالت سے رجوع کیا ہے تاہم وہ اس کے بغیر بھی وطن واپس اسکتے ہیں لیکن ان کا طیارہ یہاں لینڈ کریگا یا واپس بھیج دیا جائے گا اس بارے میں فیصلہ ان کی آمد پر ہی کیا جائے گا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں