دہشتگردی کے خلاف امریکی جنگ مفادات کی جنگ ہے ۔عمران خان

منگل 7 اگست 2007 18:15

فیصل آباد(ٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07 اگست2007) سیکولر انتہا پسند سب سے زیادہ خطرناک ہیں۔ شریعت کے تحت امن قائم کرنے والے دہشت گرد نہیں۔امریکہ کو بڑا اورطاقت ورماننا شرک ہے۔دہشتگردی کے خلاف امریکی جنگ مفادات کی جنگ ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف پاکستان کے چیئرمین عمران خان نے گذشتہ شب مخدوم زادہ سید محمد زکریا کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کا اصل مقصد مغرب کے سامنے بھی واضح نہیں کرسکا۔ ہر اسلامی ملک جہاں شریعت کی بات کی جاتی ہے وہاں انتہا پسندی کا لیبل لگا دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا ایتھوپیا میں شریعت کورٹ قائم ہونے سے امن ہوا تو ان پر گولیاں برسا دی گئیں۔پاکستان میں جامعہ حفصہ ولال مسجد میں صرف یہ بتانے کیلئے گولیاں چلائی گئیں کہ ہم بہت روشن خیال ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا سیکولر انتہا پسند دیگر سے زیادہ خطرناک ہیں۔ فردواحد نے اپنی کرسی بچانے کیلئے بچوں وخواتین کو قتل کیا۔ مگر افسوس یہاں پاکستان کی کوئی سیاسی شخصیت سامنے نہیں آئی۔انہوں نے کہا پاکستان میں دینی لوگوں اور اعتدال پسندوں میں تقسیم کی جارہی ہے۔ مگر حقیقی جمہوریت اور اسلامی اقدار ہر طبقے کے ساتھ مشاورت کا اصول رکھتی ہیں۔

تحریک انصاف اسی پر کاربند ہے۔ اس میں ہر فکر کے لوگ شامل ہیں۔انہوں نے کہا اللہ کے سامنے جھکنے والا سر کسی امریکی کے سامنے نہیں جھکنا چاہئے امریکہ کو بڑا اور طاقت ور ماننا شرک ہے۔ مخدوم زادہ سید محمد زکریا کو تحریک انصاف مایوس نہیں کرے گی یہاں ہر ایک کی رائے کا احترام کیا جاتا ہے یہ نہیں کہ لیڈر ڈیل کررہی ہو اور اپنے لوگوں سے چھپا بھی رہی ہو۔

مخدوم زادہ سید محمد زکریا نے اس موقع پرساتھیوں کے ہمراہ عمران خاں کا ساتھ دینے اور تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے استقبالیہ کلمات میں دینی مدارس کی اہمیت وکردار اور دینی رہنماوٴں کی سیاسی جماعتوں سے مشاورت پر اظہار خیال کیا۔تقریب میں مولانا عبدالرشید انصاری، تحریک انصاف پنجاب کے صدر احسن رشید، جنرل سیکرٹری محمد امین ذکی،ڈپٹی سیکرٹری جنرل جاوید اقبال،سینئر نائب صدرطارق فاروق مرزا،ضلعی صدر سجاد حیدر خاں اور سابق سینیٹر طارق چوہدری، بھی موجود تھے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں