نواز شریف اور بینظیر بھٹو نے ذاتی مفاد کیلئے حکمرانوں سے ڈیل کی، وصی ظفر

بدھ 10 اکتوبر 2007 17:18

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اکتوبر۔2007ء) وفاقی وزیر نجکاری وصی ظفر نے کہا کہ شریف برادران ڈیل کر کے ملک سے باہر گئے اور اپنے ورکروں کو بے یارو مدد گار چھوڑ گئے اسی طرح اب پیپلز پارٹی کی چیئر پرسن ڈیل کر کے پاکستان آرہی ہیں، شیرف برادران اور بینظیر بھٹو نے ڈیل کے ذریعے اپنے اپنے مفادات کو مقدم رکھا، مگر مسلم لیگ (ق) پاکستان کی واحد جماعت ہے جس نے صرف اور صرف پاکستانی عوام سے ڈیل کی اور گزشتہ 5 سال سے بغیر کسی لالچ کے عوام کی خدمت کی، گزشتہ روز انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے لیڈروں کی بنیادیں مکمل طور پر ہل چکی ہیں اور (ق) لیگ کی جڑیں عوام میں مضبوط ہوئی ہیں اب عوام کو اصل چہروں اور نقلی چہروں کا پتہ چلا چکا ہے پیپلز پارٹی اور قائد اعظم کی مسلم لیگ میں نظریاتی فرق ہے ایک قدم بھی چلنا مشکل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف کا صدر بننا انتہائی ضرورت تھا دوسری صورت میں مارشل لاء کا خطرہ پاسکتان پر منڈلارہا تھا، جنرل الیکشن میں صاف اور شفاف آزادالیکشن کمیشن کی نگرانی میں ہوں گے، نتائج کھلے دل سے قبول کریں عوامی فیصلے کا احترام کریں۔ اپوزیشن میں بھی بیٹھنا پڑا تو عوام کی خدمت کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مثالی کام کئے، صحت تعلیم کو مفت کیا ٹیکسٹائیل سیکٹر میں گارمنٹس سٹی اور سندر اسٹیٹ جیسے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا، وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے (ق) لیگ کے متفقہ امیدوار ہونگے اور آئندہ 5 سال کیلئے چوہدری پریز الٰہی پھر وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہو جائیں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں