مارشل لاء لگا تو 71ء والے حالات پیدا ہو جائیں گے، نواز شریف

جمعرات 18 اکتوبر 2007 18:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اکتوبر۔2007ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر سپریم کورٹ نے جنرل پرویز مشرف کے حق میں فیصلہ نہ دیا تو ملک میں ایک مرتبہ پھر مارشل لاء نافذ ہو سکتا ہے لیکن فوجی حکمرانوں کو یاد رکھنا ہو گا کہ اگر مارشل لاء لگا تو 71ء والے حالات پیدا ہو جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے کو (ن) لیگ فیصل آباد کے عہدیداران سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اب ایسی پوزیشن میں نہیں ہے کہ ایک اور سقوط ڈھاکہ جیسے سانحہ کا متحمل ہو۔

انہوں نے کہا کہ بھارت علیحدگی پسند بلوچوں اور کچھیوں کی براہ راسات مدد کر رہا ہے۔ پاکستان میں کسی بھی وقت پیدا ہونے والی غیر یقینی صورت حال کا یہ لوگ بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہ ہم جنرل الیکشن سے پہلے پاکستان آئیں گے مگر اب واپس جانے کیلئے نہیں۔ انہوں نے بینظیر بھٹو پر زور دیا کہ وہ میثاق جمہوریت کی پابندی کریں اور جنرل مشرف کی باتوں میں آنے کی بجائے پاکستان میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اے پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کے ساتھ سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن شیڈول کا اعلان ہوتے ہیں اے پی ڈی ایم کا اجلاس پاکستان میں بلائیں گے جس میں میاں شہباز شریف اور میں شریک ہوں گے مولانا فضل الرحمن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ ایک منجھے ہوئے خاندانی سیاست دان ہیں ہم نے ان سے بہت کچھ سیکھا وہ جو بھی فیصلہ کریں گے وہ جمہوریت اور پاکستان کی بہتری کیلئے کریں گے۔ مولانا میں یہ خصوصیت ہے کہ وہ جذباتی فیصلے نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کو توڑنے والے خود ٹوٹ جائیں گے۔ چوہدری برادران سے ملاقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ جب بھی ملاقات ہوئی پوری دنیا کو پتہ چل جائیگا مگر ابھی کوئی ایسی بات نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں