چیف جسٹس افتخار محمدچوہدری کی بحالی اور موجودہ حکومت کی روانگی مہینوں کی نہیں دنوں کی بات ہے۔ جسٹس(ر)وجیہہ الدین

جمعہ 23 نومبر 2007 17:51

فیصل آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار23 نومبر2007) جسٹس(ر) وجیہہ الدین احمد نے کہا ہے کہ چیف جسٹس افتخار چوہدری کی بحالی اور موجودہ حکومت کی روانگی مہینوں کی نہیں دنوں کی بات ہے۔ باتوں کی بجائے عمل کا وقت ہے۔ سیاسی جماعتیں اپنا کردار ادا کریں۔ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ لوگوں کی سوچ تبدیل ہو رہی ہے۔

جنرل ضیاء کے پی سی او سے 3,2ججوں نے انکار کیا، جنرل پرویز کے پہلے پی سی او سے 6ججوں نے انکار کیا جبکہ اس دفعہ پی سی او سے 8ججوں نے انکار کیا ہے۔ سول سوسائٹی متحد ہو جائے اور لیڈروں کو ڈائریکشن دے تو انقلاب دور نہیں۔ عدلیہ کو دبا کر نہیں رکھا جاسکتا۔ جلد ہی چوہدری افتخار احمد اور ان کے ساتھی اپنے عہدوں پر ہوں گے اور وہ قبر سے نکلوا کر بھی احتساب کریں گے۔

(جاری ہے)

پی سی او پر حلف اٹھانے والے مسخروں کو عدلیہ میں نہیں لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر جو وقت آیا ہے وہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے نتیجہ ہے۔ غیرمنتخب صدر نے ادارے تباہ یا غیرفعال کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ فوج کے عام سپاہی اور نچلے افسر محب وطن ہے جبکہ ہائر افسران کا دماغ درست کرنے کی ضرورت ہے۔ فوج کی جگہ بیرکس یا سرحد ہیں۔ جب تک نہیں سمجھیں گے پی سی او آتے رہیں گے۔

بیرونی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے ہم پر آمر مسلط کیے جاتے رہے۔ سیٹو سینٹو کے معاملہ پر غلام محمد، علاقے میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کے لیے ایوب خان، ملک دو ٹکڑے کرنے کے لیے یحییٰ خان، سوویت یونین توڑنے کے لیے ضیاء الحق اور افغانستان وعراق پر قبضے کے لیے پرویز مشرف کو لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہرقوم میں میرجعفر اور میرصادق ہوتے ہیں لیکن کتوں کے بھونکنے سے فرق نہیں پڑتا۔

اس موقع پر فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس کی ترجمانی کرتے ہوئے سینئر جرنلسٹ میاں رفعت قادری نے کہا کہ امریکی ڈکٹیشن کے بل بوتے پر غیرآئینی عہدے رکھنے والوں کا یوم احتساب قریب ہے۔ عوام نے جس طرح پہلی بار چیف جسٹس کا بحال کروایا اسی طرح اب بھی بحال کروائیں گے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر تنویرالرحمن رندھاوا، جنرل سیکرٹری توقیر سرور شیخ، ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر شاہد علی اور دیگر افراد نے بھی خطاب کیا۔

قبل ازیں جسٹس (ر) وجیہہ الدین فیصل آباد پہنچے تو موٹروے انٹرچینج پر نورٌ علےٰ نور اکیڈمی کے ڈائریکٹر مولانا عبدالرشید انصاری اور ان کے رفقاء و وکلاء نے ان کا استقبال کیا اور انہیں جلوس کی شکل میں ڈسٹرکٹ بار لایا گیا۔ بار سے خطاب کے بعد وہ سرگودھا روانہ ہو گئے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں