پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیمکل فیصل آباد میں آ منے سامنے ہوں گی

جمعرات 10 اپریل 2008 17:43

فیصل آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین10اپریل 2008 ) پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 5 ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ کل فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پانچ میچوں کی سیریز کا دوسرا ایک روزہ میچ بھی ڈے نائٹ ہو گااور میچ سہ پہر تین بجے شروع ہو گا ۔ پاکستان نے لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ بنگلہ دیش کو 152 رنز سے ہرا کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور گراؤنڈ کی تیاری اور سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ میچ کیلئے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز ڈی سی او فیصل آباد کی سربراہی میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔

گزشتہ روز قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم سیریز کے باقی میچوں میں بھی جارحانہ کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے مہمان ٹیم کو کلین سویپ کرے گی۔ جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان محمد اشرفل نے کہا ہے کہ دوسرا میچ جیت کر پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ 13 اپریل کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں، چوتھا میچ 16 اپریل کو ملتان جبکہ پانچواں اور آخری ایک روزہ میچ 19 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ٹونٹی 20 کرکٹ میچ کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں