فیصل آباد،بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے اور دیگر صنعت دشمن اقدامات کیخلاف صنعتکاروں کی ہڑتال چوتھے دن بھی جاری رہی

پیر 14 جولائی 2008 18:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جولائی۔2008ء) بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے اور دیگر صنعت دشمن اقدامات کے خلاف صنعتکاروں کی ہڑتال چوتھے دن بھی جاری رہی۔ گزشتہ روز بھی تمام سوپ، ٹیکسٹائل، گھی، کیمیکل اور دیگر فیکٹریاں بند رہیں جبکہ شہر کی تاجر تنظیموں نے بھی چیمبر کی ایکشن کمیٹی کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

بجلی اور سوئی گیس کے نرخوں میں اضافہ  آر اینڈ ڈی کی سہولیات واپس لینے اور بینک کے شرح سود میں اضافہ کے خلاف گزشتہ روز صنعتکاروں نے احتجاجی ریلی بھی نکالی جس کے شرکاء نے سیاہ پرچم، احتجاجی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور وہ حکومت مخالف نعرے لگا رہے تھے۔ احتجاجی ریلی کے مظاہرین چیمبر آف کامرس کینال روڈ سے گاڑیوں پر ضلع کونسل پہنچے جہاں سے گھنٹہ گھر چوک تک انہوں نے پیدل مارچ کیا۔

(جاری ہے)

ریلی کی قیادت صدرچیمبر خواجہ عاصم ،میاں عبدالطیف  میاں آفتاب احمد  شیخ محمد خالد حبیب  چوہدری محمد سلیم اختر  مزمل سلطان  میاں انیس احمد  طاہر اسحق بھرارہ  شیخ ناظم شہزاد  شیخ فاروق اللہ والا  چوہدری محمود عالم بٹ  مرزا شفیق احمد  فیصل بن رشید  میاں خالد پرویز  چوہدری جاوید اسلم  وحید خالق رامے  رانا آفتاب احمد  شیخ عقیل احمد  شیخ طلعت سلیم  حاجی شیخ تاج محمود  حاجی محمد شفیع  شفاعت علی رانا  عروة الوثقیٰ  رانا شوکت علی  رانا نعیم  تنظیم عسکری  شاہد پرویز  عاطف منیر اور دیگر راہنماؤں نے کی۔

چوک گھنٹہ گھر میں مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ تحریک نہ سیاسی مقاصد کے لیے ہے اور نہ اس میں صرف صنعتکاروں کا مفاد ہے بلکہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سے ہر عام آدمی متاثر ہوا ہے اور ہماری جنگ عام آدمی کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ وزیر اعظم کی پالیسیاں ابھی تک جاری ہیں جن کی وجہ سے ملک تباہی کے دہانے پر آ کھڑا ہوا ہے۔

سوئی گیس کی قیمتوں میں 31 فیصد اور بجلی نرخوں میں اضافہ  بینک کے شرح سود میں اضافہ اور آر اینڈ ڈی کی سہولت واپس لینے تک صنعتکار اور تاجر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فی الفور گیس اور بجلی کے نرخ کم کیے جائیں تاکہ ملکی معیشت کو سہارا ملے اور بیروزگاروں کی فوج کی وجہ سے ملکی حالات ابتری کا شکار نہ ہوں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں