فیصل آباد،ڈیڑھ ماہ میں 12ڈاکوؤں کو پولیس مقابلوں میں ہلاک ،جبکہ 500بوگس مقدمات خارج کیے گئے

جمعرات 18 دسمبر 2008 18:33

فیصل آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین18دسمبر2008 ) ڈیڑھ ماہ میں 12ڈاکوؤں کو پولیس مقابلوں میں ہلاک کیا گیا جبکہ 500بوگس مقدمات خارج کیے گئے جس سے 2500خاندانوں کو ریلیف ملا۔ ناقص کارکردگی پر 5ڈی ایس پیز کو فارغ کر دیا گیا ہے۔ کارچوری کی روک تھام کے لیے ایکسائز کا سارا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی اپریشن احمد رضا طاہر نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس میں چھپی کالی بھیڑوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایک درجن سے زائد انسپکٹرز واچ لسٹ پر ہیں جنہیں عنقریب فارغ کر دیا جائے گا۔ ڈکیتی وارداتوں کی چشم پوشی کرنے والے یو سی اہلکاروں کو بھی نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ شوکت بیگ کے بھائیوں سمیت چوہرے قتل کیس کے اہم ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جس سے اہم انکشافات کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ پولیس نے مختلف چھاپوں اور چیکنگ کے دوران 22مشکوک اور چوری شدہ گاڑیوں کو بھی قبضہ میں لیا ہے جن میں 12سوزوکی مہران، 5سوزوکی بولان، 2ٹیوٹا کرولا، ایک ٹیوٹا پلاٹز اور 2ہنڈائی ڈالے شامل ہیں جن کے مالکان اینٹی کار لفٹنگ سکواڈ کے انچارج انسپکٹر انجم کمال سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شادیوں میں ون ڈش کی خلاف ورزی اور آتش بازی و فائرنگ کا نوٹس لیا جارہا ہے اور متعلقہ ایس ایچ اواور ڈی ایس پی کو معطل کر دیا جائے گا۔اس موقع پر ایس ایس پی رانا اقبال، ایس پی مدینہ ٹاؤن رومیل اکبر اور ایس پی لائل پور ٹاؤن اصغر علی یوسف زئی بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں