ڈرون حملے اور خود کش دھماکوں سے قوم کو بچانے کے لیے ملک اور 16کروڑ عوام کے مفاد میں پالیسی واضح کرے، محمد نواز ملک

منگل 7 اپریل 2009 20:46

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل ۔2009ء) رکن صوبائی اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ ن ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ونگ پنجاب کے صدر محمد نواز ملک نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ڈرون حملے اور خود کش دھماکوں سے قوم کو بچانے کے لیے ملک اور 16کروڑ عوام کے مفاد میں پالیسی واضح کرے۔ قوم کلمہ طیبہ کے نام پر بننے والے ملک کو محض اقتدار کے لیے تورا بورا بنتے نہیں دیکھ سکتی۔

مسلم لیگی ورکروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے اقتدار کی قربانی دے کر ملک کو ایٹمی طاقت بنایا تھا۔

(جاری ہے)

اس کے باوجود ڈرون حملوں کا تسلسل قوم کے لیے سوالیہ نشان ہے۔ وہ عزت کی موت تو قبول کر سکتی ہے مگر ذلت کی زندگی کو ترجیح نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی صدارت میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کے اسباب جاننے کے لیے پارلیمان پر مشتمل کمیٹی کا قیام اگرچہ بہتر عمل ہے تاہم اگر پرویز مشرف کی امریکہ نواز آئینی ترامیم اور پالیسیوں کو ختم کر دیا جائے تو آگ اور خون کا کھیل ختم ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت پر مکمل عملدرآمد کرنے سے بھی امن وامان کی بہتری اور ملک کو سیاسی، معاشی اور جمہوری استحکام مل سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں