دہشت گردی کے واقعات کی حالیہ لہر اور خطرات کے پیش نظر ضلع بھر میں حفاظتی و انتظامی اقدامات سخت کر دیئے گئے

منگل 7 اپریل 2009 20:46

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل ۔2009ء) دہشت گردی کے واقعات کی حالیہ لہر اور خطرات کے پیش نظر ضلع بھر میں حفاظتی و انتظامی اقدامات سخت کر دیئے جائیں اور سخت ترین سیکورٹی انتظامات کے باوجود اگر خوانخواستہ تخریب کاری کا کوئی حادثہ رونما ہوتا ہے تو متعلقہ اداروں کی طرف سے تیز تر امدادی کارروائیوں کے لئے تمام تر ضروری انتظامات و سٹاف کو متحرک و فعال رکھا جائے تاکہ قیمتی جانیں بچانے میں کوئی تاخیر ‘ دقت یا مشکل پیش نہ آئے - یہ بات ڈی سی او سعید واہلہ نے ایک اجلاس کی صدارت کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی - انہوں نے کہا کہ مستعد اور الرٹ سیکورٹی کے ماحول میں دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کرکے سماج دشمن عناصر کے مذموم عناصر کو ناکام بنایا جا سکتا - اس مقصد کے لئے انتظامات میں ذرا بھر بھی کمی یا نرمی نہیں ہونی چاہئے - انہوں نے کہا کہ ریسکیو پلان پر موثر اور بروقت عملدرآمد کے لئے پولیس ریسکیو 1122 ‘ سول ڈیفنس ‘ ہسپتالوں کی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے مابین مربوط رابطہ ہونا چاہئے اس مقصد کے لئے پیشگی انداز میں مشق کی جائے - انہوں نے کہا کہ بڑے پرائیویٹ ہسپتالوں کی انتظامیہ ‘ پرائیویٹ سیکورٹی ادارے ‘ ایمبولینس سروس فراہم کرنے والوں اور خون کے عطیات کا بندوبست کرنے والی این جی اوز کو بھی خطرات کا احساس دلا کر متحرک رکھا جائے - ڈی سی او نے تمام متعلقہ محکموں کے فوکل پرسنز کے آپس میں قریبی رابطے اور ریسکیو پلان کو جامع بنانے کے سلسلے میں باہمی مشاورت و رہنمائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر ریسکیو 1122 کی زیر نگرانی ایک فرضی مشق دوبارہ دہرائی جائے تاکہ متعلقہ ادارے چوکس و ہوشیار رہیں - انہوں نے سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ ‘ سول ڈیفنس اور دیگر سیکورٹی اداروں سے کہا کہ وہ اپنے سٹاف کو خطرات کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کے بارے میں ان کی ضروی تربیت کریں تاکہ حادثہ میں لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے سلسلے میں زیادہ رش کیوجہ سے حفاظتی اقدامات میں دقت یا مزید کوئی خطرہ رونما نہ ہو اجلاس میں ای ڈی او ریونیو ملک اسلم ‘ ڈی او سی سید مبشر حسین ‘ الائیڈ ‘ سول و جنرل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ڈاکٹر بشیر رانا ڈاکٹر حافظ مختار رندھاوا ‘ ڈاکٹر عباس‘ سی ڈی او رانا ریاست ‘ ڈی او سوشل ویلفیئر چوہدری اشرف دیگر افسران اور این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی -

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں