فیصل آباد: دیرینہ دشمنی کی بنا پر پانچ افراد قتل

جمعہ 10 جولائی 2009 13:01

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جولائی ۔2009ء) فیصل آباد میں چک جھومرہ کے علاقے میں دیرینہ دشمنی کی بناء پر فائرنگ کرکے پانچ افراد کو قتل کردیا گیا ہے۔ اس واقعہ کے خلاف علاقے کے لوگوں نے شدید احتیجاج کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے نواحی علاقے چک جھمرہ میں ایک ہی خاندان کے دو گروپوں مختار باجوہ گروپ اور عاشق باجوہ گروپ میں گذشتہ کئی برسوں سے پلاٹ کے تنازعہ پر لڑائیوں میں کئی افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

جمعہ کی صبح عاشق باجوہ گروپ کے افراد عدالت میں زیر سماعت مقدمہ میں پیش ہونے کیلئے عدالت آ رہے تھے کہ مختار باجوہ گروپ کے افراد جو پہلے سے گھات لگائے بیٹھے تھے نے اس گاڑی پر جس پر عاشق باجوہ گروپ کے پانچ افراد سوار تھے کو نشانہ بنایا اور اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے کار میں سوار کسی بھی شخص کو اپنی جان بچانے کا کوئی موقع نہ ملا اور پانچوں افراد عاشق باجوہ، ذوالفقار باجوہ، نعیم مہر، محمد حسین اور ٹیکسی ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

(جاری ہے)

مقتولین کے ورثاء نے قتل کے اس واقعہ کے بعد بتایا کہ ہماری خاندانی دشمنی تھی لیکن پولیس کی لاپرواہی کی وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا ہے جبکہ پولیس کے مطابق دونوں خاندانوں میں پرانی دشمنی ہے۔ پولیس اس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے اور ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پانچ افراد کے قتل کے اس اندوہناک واقعہ کے بعد پورے علاقہ میں کہرام مچ گیا۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں