پرویز مشرف کو وطن واپسی پر سیاست کا شوق پورا کرنے سے پہلے بینظیر کے قتل کا حساب دینا پڑے گا، جہانگیر بدر

اتوار 9 مئی 2010 19:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔09مئی۔2010ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل و سابق وفاقی وزیر جہانگیر بدر نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کو وطن واپسی پر سیاست کا شوق پورا کرنے سے پہلے بینظیر کے قتل کا حساب دینا پڑے گا، اقوام متحدہ نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں مشرف حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ہے، محترمہ کے قتل میں جو بھی ملوث ہوا اس کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی، پنجاب حکومت سے اچھے تعلق ہیں، بجلی بحران پر صوبائی اور وفاقی حکومت مل کر کام کر رہی ہے جلد حل تلاش کر لیا جائے گا، پیپلز پارٹی 40 سالوں سے آمریت کا مقابلہ کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں اپنے دیرینہ سیاسی ساتھی سٹی صدر پی پی میاں محمود الحسن ڈار کی وفات پر سوگوار فیملی کے ساتھ اظہار افسوس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جہانگیر بدر نے کہا کہ پرویز مشرف کو سیاست کا شوق ہے وہ ضرور کریں لیکن پہلے وطن واپس آ کر محترمہ کے قتل کا حساب دیں اور تحقیقات کا سامنا کریں، پرویز مشرف محترمہ کے قتل کے ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اداروں کی خود مختاری پر یقین رکھتی ہے، اداروں میں ٹکراؤ ملک کے مفاد میں نہیں ہے، میڈیا اپنی رائے کو دوسروں پر نہ ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں میاں شہباز شریف اور وفاقی وزیر بجلی مل کر کام کر رہے ہیں اور ہمارے اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی این آر او سے کبھی نہیں گھبرائی، محترمہ نصرت اور میں خود سالوں سے کیس میں شامل رہے ،نیب کو ہمیشہ آمر حکمرانوں نے استعمال کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب ہم نے الیکشن میں حصہ لیا تھا تو ملک سے گندم غائب تھی حکومت نے امدادی قیمت میں اضافہ کیا تو ملک میں گندم عام ہو گئی اگر گندم کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرتے تو ہمیں آج گندم دوسرے ممالک سے درآمد کرنا پڑتی، گندم کی قیمتوں میں اضافے سے کسانوں کو فائدہ ہوا ہے اور آج ملک میں گندم عام ہے، غریب کو آٹا مل رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں