(ن) لیگ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے مخالفین خوفزدہ ہیں ،الزام تراشیاں کرنے والوں کو انتخابات میں اپنی حیثیت معلوم ہو جائے گی،عوام مسلم لیگ(ن) کے ساتھ ہے ،کارکنان نوازشریف کاپیغام گھرگھرپہنچائیں، وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ خاں کاعشائیے سے خطاب

منگل 20 نومبر 2012 20:58

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔20نومبر۔2012ء) وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ پنجاب سمیت تمام صوبوں میں مسلم لیگ (ن) کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف ہو کر تحریک انصاف اور دیگر سیاسی پارٹیاں اب الزام تراشیوں پر اتر آئی ہیں تاہم انہیں آئندہ انتخابات میں اپنی حیثیت معلوم ہو جائے گی کیونکہ عوام مسلم لیگ(ن) کے ساتھ ہے۔

وہ منگل کو یونین کونسل262ایوب کالونی میں یوتھ ونگ کی طرف سے دیے گئے عشائیے سے خطاب کررہے تھے ۔ علی اصغربھولاگجر،رانا فضل حق،مرزا نذیر،مولوی طارق،محمود الحسن،رانا توقیر،رانا انس،حارث کمبوہ،فیاض گوندل اور عاطف کسانہ کے علاوہ یوتھ ونگ کے دیگر عہدیداران بھی اس موقع موجود تھے۔صوبائی وزیرقانون نے کہا کہ نوجوان پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کے ویژن کو آگے لے کر چلتے ہوئے شرافت ودیانت کی سیاست کو فروغ دیں تاکہ نہ صرف پارٹی کی مضبوطی اورنیک نامی میں بھی مزیداضافہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہنگائی،بے روزگاری،کرپشن،لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی کے خاتمہ اور عوام کو تعلیم وصحت کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں کوئی منصوبہ بندی نہیں کی اس کے برعکس پنجاب حکومت نے غریب آدمی کی حالت بہتر بنانے کو فوقیت دیتے ہوئے بنیادی مسائل حل کرنے کی جانب خصوصی توجہ دی ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے یوتھ ونگ کے عہدیداران سے کہا کہ وہ عوامی خدمت کے عزم کے ساتھ آئندہ انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں اور میاں محمد نوازشریف کا پیغام گھر گھر پہنچائیں تاکہ بد عنوان کرپٹ عناصر کا صفایا کیاجاسکے۔اس موقع پرصوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں نے یونین کونسل 262کے یوتھ ونگ کے عہدیداران میں تقررنامے بھی تقسیم کئے۔دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے اپنے اس عزم کو دہرایاکہ وہ آپس میں متحد ہیں اور پاکستان مسلم لیگ(ن)کی ترقی اور استحکام کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں