( ق) لیگ اور سنی اتحادکونسل کے درمیان عام انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق ،چوہدری برادران کی سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم سے ملاقات ،انتخابی اتحادپرتبادلہ خیال،کوئی سیاسی قوت یاجنرل ملک کودرپیش مسائل تنہاحل نہیں کرسکتا،سب کو مل کر چلناہوگا ،مل کر کام کرینگے، ملک کو دہشت گردوں سے پاک کردینگے چوہدری شجاعت

منگل 27 نومبر 2012 23:10

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔27نومبر۔2012ء) مسلم لیگ( ق) اور سنی اتحادکونسل کے درمیان عام انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق ہوگیا،چوہدری شجاعت حسین نے کہاہے کہ کوئی بھی سیاسی قوت یاجنرل ملکی مسائل تنہاحل نہیں کرسکتا،سب کو مل کرساتھ چلناہوگا جبکہ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی کھل کرمذمت کرنے والی دیگرجماعتوں سے بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی بات آگے بڑھائیں گے۔

منگل کویہاں (ق) لیگ کے رہنماؤں چودھری شجاعت حسین اور نائب وزیر اعظمچودھری پرویز الہی نے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم سے ملاقات کی اور ان سے آئندہ انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت کی۔اس موقع پرانہوں نے آئندہ انتخابات مل کر لڑنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعدمشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ آج پاکستان کو جو مسائل درپیش ہیں انھیں کوئی ایک پارٹی حل نہیں کر سکتی پاکستان کی سربلندی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

ملکی مسائل کے حل کیلئے ہم مذہبی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ نہ ہی جرنیل اور عدالتیں اپنی مداخلت سے مختلف مسائل کو حل کرنے کی کوشش کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مل کر کام کرینگے اور ملک کو دہشت گردوں سے پاک کردینگے۔ چوہدری شجاعت نے کہا کہ ہمارے دروازے تمام چھوٹی بڑی سیاسی جماعتوں کیلئے کھلے ہیں ہم نے کبھی مذاکرات کے دروازے بند کئے اور نہ اب کرینگے۔

نیک نیتی سے تمام سیاسی قوتیں مل کر دہشت گردی کی جنگ کوجیت سکتی ہیں۔چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ ہم نے ملک کے وسیع تر مفاد میں پیپلز پارٹی کا اتحادی تنہا پسند کیا اور ملک کے وسیع تر مفاد میں مختلف سیاسی قوتوں سے مذاکرات بھی کئے اس کی وجہ سے موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت کے پانچ سال پورے کر رہی ہے۔اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ آج ہم ایک لائحہ عمل کے تحت اکھٹے ہوئے ہیں۔

ہمارا اتحاد پاکستان کی خوشحالی کیلئے ہے جو برقرار رہے گا۔ ہم ثابت کریں گے کہ اس اتحاد نے امن کے قیام کو ممکن بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم سے اقتدار کے لالچ سے ہٹ کر بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وسیع ترسیاسی اتحادبنایا جائیگا۔ پاکستان کودہشت گردی سے نجات اورامن کی ضرورت ہے۔صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ہم نے مسلم لیگ (ق)سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت مل کر انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سنی اتحاد اور(ق )لیگ آئندہ انتخابات میں مل کر حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ایجنڈے کے تحت پاکستان میں سازشیں کی جا رہی ہیں۔ قومی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ اندرونی اتحاد سے ہی ان سازشوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کئے جائیں گے مذاکرات کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے نظام مصطفی کے نفاذ اور شیعہ سنی فسادات کو ختم کرنے کیلئے آج ہم اس پلیٹ فارم پر جمع ہوئے ہیں ہم اپنے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑیں گے اور(ق) لیگ کا ساتھ دیں گے دونوں جماعتوں نے سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنے مشترکہ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ دہشت گردی کے خلاف کھل کر سٹینڈلینے والی محب وطن جماعتوں کا گرینڈ لائنس بنایا جائے۔ پاکستان کی قومی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ بلوچستان میں علیحدگی پسندوں کو امریکہ ، بھارت اور اسرائیل کی سرپرستی حاصل ہے۔ بلوچستان میں بدامنی عالمی گریٹ گیم کا حصہ ہے اس نازک صورتحال میں قومی اتفاق رائے بے حد ضروری ہے

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں