سنی ایکشن کمیٹی کا سنی اتحاد کونسل اور(ق) لیگ کے اتحاد سے لاتعلقی کا اظہار،عام انتخابات میں (ق) لیگ اور سنی اتحاد کونسل کے امیدواروں کے مقابلہ میں امیدوار لانے کا اعلان، امریکی ایجنٹوں کو آئندہ انتخابات میں شکست دینگے،(ق) لیگ کی قیادت نے امریکہ سے ڈالر وصول کرکے ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کروانے والی شخصیت کے ساتھ الائنس کرکے چوہدری ظہور الٰہی کی روح کو تڑپایا ،تمام حلقہ جات میں مسلم لیگ )ق )کے امیدواروں کو شکست دینے کیلئے عوامی رابطہ مہم شروع کریں گے ، ترجمان حافظ محمد امجد کابیان

منگل 27 نومبر 2012 23:26

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔27نومبر۔2012ء) سنی ایکشن کمیٹی نے سنی اتحاد کونسل اور(ق) لیگ کے اتحاد سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ق) اور سنی اتحاد کونسل کے امیدواروں کے مقابلہ میں اپنے امیدوار کھڑے کرنے کا اعلان کردیا۔منگل کونجی ٹی وی کے مطابق سنی تحریک کے ترجمان کے مطابق سنی تحریک کا سنی اتحاد کونسل اور(ق)لیگ کے اتحاد سے کوئی تعلق نہیں۔

سنی اتحاد کونسل کے رہنماؤں نے سنی تحریک سے (ق)لیگ کے ساتھ اتحاد کے لئے کسی قسم کی مشاورت نہیں کی ۔سنی اتحاد کونسل اور(ق)لیگ کے اتحاد کا فیصلہ صاحبزادہ فضل کریم کا ذاتی فیصلہ ہے یادرہے کہ منگل کے روز سنی اتحاد کونسل اور(ق)لیگ نے عام انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق کیا ہے ۔

(جاری ہے)

سنی ایکشن کمیٹی کے ترجمان حافظ محمد امجد نے کہا کہ مسلم لیگ( ق) اور سنی اتحاد کونسل کے الائنس کے بعد سنی ایکشن کمیٹی ،انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ،پاکستان علماء کونسل،تحفظ مدارس دینیہ،سنی وحدت کونسل اوردیوبند ایکشن کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا ہے کہ ملک بھر میں( ق) لیگ کے امیدواروں کی مخالفت کی جائے گی اور الیکشن میں انکی ضمانتیں ضبط کروائی جائیں گی۔پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی کی سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم سے ملاقات اور الائنس کے بعد ق لیگ اپنی افادیت کھوچکی ہے۔پورے ملک میں مسلم لیگ کے امیدواروں کے مقابلہ میں علماء کرام اپنے امیدوار کھڑے کریں گے جوملک کی مقتدر سیاسی قوتوں سے ملکر مسلم لیگ ق کا ہرمیدان میں مقابلہ کریں گے۔

پاکستان میں امریکی ایجنڈے پر فرقہ وارانہ فسادات کروانے والوں کو ہر محاذ پر شکست کا سامنا کرنا ہوگا۔آئندہ آنے والے انتخابات میں اسلام اور محب وطن قوتوں کو آگے لانے میں علماء کرام اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ ایک کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جو ملک بھر میں علماء و مشائخ سے ملاقاتیں کرکے تمام حلقوں کی رپورٹ مرکز کو پیش کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ق) اور سنی اتحاد کونسل کے امیدواروں کے مقابلہ میں اپنے امیدوار کھڑے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ووٹ کے ذریعے امریکی ایجنٹوں کو آئندہ انتخابات میں شکست دیں گے،(ق) لیگ کی قیادت نے امریکہ سے ڈالر وصول کرکے ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کروانے والی شخصیت کے ساتھ الائنس کرکے چوہدری ظہور الٰہی کی روح کو تڑپایا ہے،تمام حلقہ جات میں مسلم لیگ ق کے امیدواروں کو شکست دینے کیلئے عوامی رابطہ مہم شروع کریں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں