سعید اجمل آسٹریلوی بگ بیش لیگ میں میچ کھیل کر واپس وطن پہنچ گئے، ٹیم کا انتخاب مکمل طور پر درست ہے ‘ یقینا بھارت سے جیت کر آئیں گے‘دورہ بھارت میں شائقین کو سرپرائز دوں گا،پاکستان کرکٹ ٹیم کے آف سپنر سعید اجمل کی میڈیا سے بات چیت

جمعرات 13 دسمبر 2012 18:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔13دسمبر۔ 2012ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آف سپنر سعید اجمل آسٹریلوی بگ بیش لیگ میں میچ کھیل کر واپس وطن پہنچ گئے۔وہ دورہ بھارت کے لئے لگائے جانے والے قومی کرکٹ ٹیم کے کیمپ میں شرکت کے لئے(کل)جمعہ کو ٹیم مینجرکو لاہور میں رپورٹ کریں گے ۔ سعید اجمل نے وطن واپسی پرمیڈیا سے با ت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بگ بیش کرکٹ ٹورنامنٹ کے صرف ایک میچ میں شرکت کی اور وہ میچ ان کی ٹیم ایڈیلیڈ سٹرائکر نے جیت لیا ۔

انہوں نے میچ میں چار اوور کروائے اور 22رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی ۔سعید اجمل نے کہاکہ وہ فیصل آباد میں بنائی جانے والی اپنی کرکٹ اکیڈمی کے لئے دس کروڑ کے اعلان پر وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے شکر گزار ہیں ۔حکومتی سر پرستی سے نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فیصل آباد کی کرکٹ اکیڈمی سے قومی کرکٹ ٹیم کو نیا ٹیلنٹ ملے گا ۔

سعید اجمل نے کہا کہ ٹیم کا انتخاب مکمل طور پر درست ہے ‘ یقینا ہم بھارت سے جیت کر آئیں گے‘ کرکٹ اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے اس کیلئے بہت کچھ کر نا چاہتاہوں‘ مخالف ٹیم کو شکست دینا ہرمیچ میں میری ترجیح رہا ہے ‘دورہ بھارت میں شائقین کو سرپرائز دوں گا۔ سعید اجمل نے کہا کہ میں جب سے ٹیم میں شامل ہوا ہوں ہمیشہ پی سی بی کے فیصلوں اور میرٹ کی پابندی کی ہے کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ انسان میرٹ کے مطابق کام کرے تو اسے کسی بھی شعبے میں مسائل کا سامنا نہیں ہو تا ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی ٹیم ایک خاندان کی اہمیت رکھتی ہے اس میں جب تمام کھلاڑی مل جل کر چلیں گے تو اس سے ٹیم مضبوط ہو گی اور ہم کسی بھی مخالف ٹیم کو شکست دینے کی پوزیشن میں ہوں گے دورہ بھارت کیلئے بھی بھر پور پریکٹس کر ینگے جس طرح ٹیم تشکیل دی ہے یقینا ہم بھارت سے جیت کر آئیں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں