حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث وطن عزیز دیوالیہ ہوچکا ہے، امریکہ کے بھکاری کرپٹ حکمرانوں کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، کارگل آپریشن کا بہانہ بناکر بدگمان اور ملک دشمن ڈکٹیٹر نے منتخب حکومت کو برطرف کرکے عوام کے ساتھ زیادتی کی، پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادیوں نے ملک کو اندھیروں میں ڈبودیا، سونے کی چڑیا بلوچستان کے حالات خراب کئے جارہے ہیں، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے ایجوکیشن اور مسلم لیگ یوتھ ونگ پنجاب کے صدر چوہدری عابدشیرعلی کایوتھ کنونشن سے خطاب

ہفتہ 22 دسمبر 2012 16:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔22دسمبر 2012ء) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے ایجوکیشن اور مسلم لیگ یوتھ ونگ پنجاب کے صدر چوہدری عابدشیرعلی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث وطن عزیز دیوالیہ ہوچکا ہے، امریکہ کے بھکاری کرپٹ حکمرانوں کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، کارگل آپریشن کا بہانہ بناکر بدگمان اور ملک دشمن ڈکٹیٹر نے ایک منتخب حکومت کو برطرف کرکے اٹھارہ کروڑعوام کے ساتھ زیادتی کی، پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادیوں نے ملک کو اندھیروں میں ڈبودیا، سونے کی چڑیا بلوچستان کے حالات قصداً خراب کئے جارہے ہیں۔

وہ سیف آباد کی یونین کونسل نمبر670یوتھ ونگ پی پی71 کے زیراہتمام منعقدہ یوتھ کنونشن سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

مذکورہ تقریب میں حاجی محمداکرم انصاری، سٹی صدر شیخ اعجاز احمد ایڈووکیٹ، سید ذیشان الٰہی شاہ ،میاں عرفان منان ، میاں محمدطاہر جمیل، ملک شاہد علی ،حاجی الطاف حیدر اور دیگر نے بھی خطاب کیا، یونین کونسل670کے علاقہ سیف آباد میں منعقدہ یہ شاندار تقریب بہت بڑے سیاسی جلسہ میں تبدیل ہوگئی، جس میں مرزا محمد اعجاز، چوہدری محمد جمیل، شیخ شبیر، مرزا زبیر،مجاہد جٹ اور مرزا ندیم اور دیگر بھی موجود تھے، تقریب میں مسلم لیگ یوتھ ونگ کے کارکنوں کو نوٹیفکیشن بھی تقسیم کئے گئے،سابق میونسپل کونسلر اور امیدوار پی پی ۷۱ ملک شاہد علی اور دیگر کارکنوں نے مہمانوں کا والہانہ استقبال کیا، مقررین نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں نے لاکھوں قربانیوں سے معرض وجود میں آنیوالے ملک کو گروی رکھ دیا ہے اور عالمی طاقتوں کے ایماء پر اسے بنجر بنایا جارہا ہے، آنیوالے الیکشن میں زرداری ٹولہ کا ”دھڑن تختہ‘ ‘ کردیا جائے گا، 2013میں میاں محمد نوازشریف ہی ملک کے وزیراعظم بنیں گے، انہوں نے کہا کہ جس خطہ کا خواب قائداعظم اور حضرت علامہ ڈاکٹر محمداقبال نے دیکھا تھا یہ وہ پاکستان نہیں ہے، آج دہشت گردی کے باعث کراچی کی سڑکیں خون سے رنگین ہوچکی ہیں، بلوچستان میں بسوں سے اتارکر بے گناہ لوگوں کا قتل عام کیا جارہا ہے، میاں محمد نوازشریف ملک کو ایشیاء کا ٹائیگر بنانا چاہتے تھے مگر ان کی حکومت ایک سازش کے تحت ختم کردی گئی، آج عالمی طاقتیں ملکی سلامتی کے درپے ہوچکی ہیں، بھارت نے پاکستانی دریاؤں پر کئی ڈیمز بنائے ہیں، ملک میں بجلی ہے نہ گیس، حکومتی ٹولہ لوٹ مار میں مصروف ہہے، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے تعلیمی اصلاحات اور طلبہ وطالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم دوسرے صوبوں کے لئے بھی باعث تقلید ہے، میاں محمد نواز شریف وہ واحد قوت ہے جس کے ساتھ پوری قوم ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین تیل اگلتی ہے مگر وہاں امن وامان کی صورتحال خطرناک ہوچکی ہے، کرپٹ حکمران لوٹ مار کرکے امریکہ اور دیگر ممالک سے امداد مانگ رہے ہیں، کالا باغ ڈیم کی تعمیر کی راہ میں رکاوٹ لوگ ملک کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے، حاجی محمداکرم انصاری ایم این اے نے کہاکہ آج دہشت گردی کے باعث ملک میں امن کی صورتحال ابتر ہوچکی ہے، میاں نواز شریف کے دور میں یہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا، لوگوں کو روزگار میسر تھا مگر اب پیپلزپارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں کے وزراء اورارکان اسمبلی قومی خزانہ پر بوجھ بنے ہوئے ہیں، انشاء اللہ2013کا سال میاں نوازشریف کے تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے کی نوید لے کر آئے گا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں