پاکستان میں حکومت، اپوزیشن اور آزادعدلیہ و میڈیا موجود ہیں، تحریر اسکوائر جمہوریت والے ملک میں نہیں بنتے ،دھرنے دے کر جمہوریت کی باتیں کر درست نہیں،فوج کو مدد کے لئے پکارنا غیر آئینی اور ملک کیلئے خطر ناک ہے ، ادارے کسی فرد واحد کی خواہشات پوری کرنے کے پابند نہیں، فوج سمیت کوئی بھی ادارہ آئین سے ماورا اقدام نہیں کرسکتا ،طاہرالقادری کے پاس کوئی تجاویز ہیں تو وہ الیکشن کمیشن کو دیں، الطاف حسین ہمارے بھائی اور اتحادی ہیں، توقع ہے وہ ہماری بات مان لیں گے،فوج اور عدلیہ نے غلطیاں کرکے بہت کچھ سیکھ لیا ،جمہوریت کو نقصان پہنچانے والوں کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،وفاقی وزیر اطلاعات قمرزمان کائرہ کی وفاقی سیکرٹری اطلاعات چوہدری رشید سے والدہ کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت

بدھ 2 جنوری 2013 20:25

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2جنوری۔ 2013ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں حکومت، اپوزیشن اور آزادعدلیہ اور میڈیا موجود ہیں، تحریر اسکوائر وہاں بنتے ہیں جہاں جمہوریت نہ ہو،دھرنے دے کر جمہوریت کی باتیں کر درست نہیں،فوج کو مدد کے لئے پکارنا غیر آئینی اور ملک کے لئے خطر ناک ہے ، ادارے کسی فرد واحد کی خواہشات پوری کرنے کے پابند نہیں ۔

آرمی سمیت کوئی بھی پاکستانی آئین سے ماورا اقدام نہیں کرسکتا طاہرالقادری کے پاس کوئی تجاویز ہیں تو وہ الیکشن کمیشن کو دیں،طاہرالقادری فیصلہ کرلیں کہ انہوں نے الیکشن لڑنا ہے یا نہیں، الطاف حسین ہمارے بھائی اور اتحادی ہیں، توقع ہے کہ الطاف حسین ہماری بات مان لیں گے، اتحادیوں سے کہتے ہیں کہ پارلیمنٹ فورم ہے وہاں بات کریں۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کویہاں فیصل آباد میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات چوہدری رشید کی رہائش گاہ پرانکی والدہ کی وفات پر تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ تمام ادارے پارلیمنٹ کو جواب دہ ہیں اور پارلیمنٹ ہی ملک کا سپریم ادارہ ہے ۔جو لوگ ملک میں لانگ مارچ کے لئے فوج کی مدد طلب کررہے ہیں وہ ایک بار پھر آمر کو پکار رہے ہیں ۔فوج کو مدد کے لئے پکارنا غیر آئینی اور ملک کے لئے خطر ناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ ادارے کسی فرد واحد کی خواہشات پوری کرنے کے پابند نہیں ۔آرمی سمیت کوئی بھی پاکستانی آئین سے ماورا اقدام نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی سونامی لا رہا ہے کوئی تحریر اسکوائر بنارہا ہے ، طاہرالقادری اگر انتخابابی اصلاحات چاہتے ہیں تو الیکشن کمیشن کو اپنی تجاویز دیں۔ اس وقت پاکستان میں آئین کے تحت جمہوریت موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں آزادعدلیہ اور میڈیا موجود ہے ۔لاکھوں لوگوں کو اکٹھا کرکے بات کرنا دھونس ہے ۔ نگران حکومت اتحادیوں سے مشاورت کے بعد قائم کریں گے ۔

16مارچ کو موجودہ اسمبلیوں کی مدت ختم ہوجائے گی ۔انہوں نے کہا کہ تمام ادارے آئین کا دفاع اور اطاعت کرتے ہیں ۔ہم جمہوریت کو نقصان پہنچانے والوں کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے قائد کا بیان کہ فوج لانگ مارچ کے راستے کی رکاوٹ نہ بنے قابل مذمت ہے ۔فوج اور عدلیہ نے غلطیاں کرکے بہت کچھ سیکھ لیا ہے اور اب کوئی بھی ادارہ ایسی غلطی نہیں کرے گا۔وقت آنے پر فوج اور عدلیہ آئین کا دفاع کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی ایک تحریک کا نام ہے اس میں دراڑیں ڈالنے والے ناکام ہوں گے ۔جمہوریت کے لئے موجودہ حکومت نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں جنکو ہر فرد جانتاہے

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں