امریکہ اور اس کے اتحادی افغانستان میں شکست کے بعد پاکستان کو بڑے نقصانات سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، منظم منصوبہ بندی کے تحت کراچی، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بم دھماکے ، دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کو پروان چڑھایا جارہا ہے، حکمران نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سلسلہ میں قائم امریکی اتحاد سے باہر نکل آئیں ، ملکی و قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دی جائیں ، فرقہ وارانہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ملک بھر میں اتحاد امت کنونشن، جلسوں، سیمینارز اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا، اتحادویکجہتی کی فضا پیدا کرنے کیلئے مذہبی و سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر بھرپور تحریک چلائیں گے، مظلوم کشمیریوں کی مددوحمایت اپنا شرعی فریضہ سمجھتے ہیں، کشمیریوں کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے،امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کا فیصل آباد میں خطبہ جمعہ اور صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 8 مارچ 2013 20:28

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔8مارچ۔ 2013ء) امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی افغانستان میں شکست کے بعد پاکستان کو بڑے نقصانات سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔منظم منصوبہ بندی کے تحت کراچی، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بم دھماکے ، دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔

حکمران نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سلسلہ میں قائم امریکی اتحاد سے باہر نکل آئیں اور ملکی و قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دیں۔ فرقہ وارانہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ملک بھر میں اتحاد امت کنونشن، جلسوں، سیمینارز اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اتحادویکجہتی کی فضا پیدا کرنے کیلئے مذہبی و سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر بھرپور تحریک چلائیں گے۔

(جاری ہے)

مظلوم کشمیریوں کی مددوحمایت اپنا شرعی فریضہ سمجھتے ہیں۔کشمیریوں کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ مرکز خیبر فیصل آباد میں خطبہ جمعہ اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکمران کشمیری و پاکستان قوم کے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دیں اور مضبوط کشمیر پالیسی وضع کی جائے تاکہ مظلوم کشمیری بھائیوں کی ہر ممکن مدد کی جاسکے۔

عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی سے آگاہ کرنے کیلئے پوری دنیا میں موجود اپنے سفارت خانوں کو متحرک کیا جائے۔بھارت اپنی آٹھ لاکھ فوج کو مقبوضہ کشمیر سے نکالے اور کشمیر میں ظلم و تشدد کا سلسلہ بند کرے جب تک بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں موجود رہے گی جنوبی ایشیا میں کسی صورت امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہاکہ اتحادی ممالک تمامتر وسائل اور ٹیکنالوجی کے باوجود افغانستان میں نہیں ٹھہر سکتے تو بھارت بھی مقبوضہ کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکے گا۔

یہ وہ حقیقت ہے جو پاکستان کے استحکام کی بنیاد ہے۔اس وقت اگر انڈیا کو کھل کھیلنے کا موقع دیا گیا اور ہم نے حقائق کا ادراک نہ کیا تو کہیں ایسا نہ ہو کہ غاصب بھارت کو اپنے بھیانک منصوبے پورے کرنے کا موقع مل جائے۔یہ وقت اسلام کی قوت کو کھڑا کرنے کا ہے۔روس کو شکست ہوئی، امریکی نیور ورلڈ آرڈر اور اس کے سرمایہ دارانہ نظام بکھر رہے ہیں۔اس لئے میں اللہ کے فضل سے پورے یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ بھارت بھی اس خطہ میں نہیں ٹھہر سکے گا۔

حافظ محمد سعید نے کہاکہ امریکہ، بھارت اور ان کے اتحادی ملک میں علاقائی سطح پر فرقہ وارانہ فسادات پروان چڑھانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔پاکستان میں امن و امان کی تشویشناک صورتحال اس وقت سب سے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے۔ مذہبی و سیاسی جماعتوں کو اس پر کسی صورت خاموش نہیں رہنا چاہیے بلکہ بیرونی قوتوں کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے اتحادویکجہتی کی فضا پیدا کرنے کی کوششیں کرنا چاہئیں۔

فرقہ واریت امت مسلمہ کیلئے زہر قاتل ہے۔ اس کا فائدہ اسلام دشمن قوتیں اٹھا رہی ہیں۔امریکہ اور اس کے اتحادی مسلمانوں کو باہم لڑائی جھگڑوں اور قتل و غارت گری میں الجھانا چاہتے ہیں تاکہ وہ یہاں پھر اپنے مذموم ایجنڈے پورے کر سکیں۔انہوں نے کہاکہ کراچی، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں فرقہ وارانہ بنیادوں پر قتل و غارت گری بہت بڑی سازش ہے۔ بیرونی قوتیں اپنے مذموم ایجنڈوں کی تکمیل کیلئے مسلمانوں کو باہم دست و گریبان کرنا چاہتی ہیں۔

اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کے مقابلہ کیلئے اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے۔فرقہ واریت اور پارٹی بازی کی سیاست سے امت مسلمہ کو زوال کے سوا کچھ نہیں ملا۔ حکمران و سیاستدان ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے سیرت رسول ﷺ سے رہنمائی لیں۔انہوں نے کہاکہ جماعةالدعوة کے رہنماؤں کی ذمہ داریاں لگائی گئی ہیں کہ وہ پورے ملک میں مذہبی و سیاسی رہنماؤں اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں تاکہ بیرونی قوتوں کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے متفقہ لائحہ عمل ترتیب دیاجائے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں