زربابا چالیس چوروں نے پاکستان کو کنگال کر کے رکھ دیا ہے،سابق حکومت کے دور میں صوبہ کرپشن کا قبرستان بناہوا تھا،ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے میٹروبس منصوبے کو شفاف قرار دیکر پنجاب حکومت کی گڈ گورننس پر مہر ثبت کی ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہمارے منصوبے شفافیت کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں،پنجاب حکومت اللہ تعالیٰ اور عوام کے سامنے سرخرو ہے ،ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں اگر میری ذات پر ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہو جائے تو میرا گریبان اور عوام کا ہاتھ ہوگا،وزیراعلیٰ پنجاب کاکا زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں طلبہ میں لیپ ٹاپ ،سولر پینلز اور کچی آبادی کے مکینوں کو مالکانہ حقوق کی اسناد دینے کی تقریب سے خطاب

بدھ 13 مارچ 2013 23:31

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔13مارچ۔ 2013ء) وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے پانچ سالہ دور میں ترقیاتی پروگرام پر شفاف انداز میں عملدرآمد کیا ہے اور اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کرتے ہوئے 36ارب روپے سے زائد کے تین منصوبے میٹرو بس پراجیکٹ،لیپ ٹاپ سکیم اور اجالاپروگرام کی شفافیت جانچنے کے لئے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے حوالے کئے ۔

اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہمارے منصوبے شفافیت کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں اور ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے میٹروبس منصوبے کو شفاف قرار دیا ہے جو پنجاب حکومت کی گڈ گورننس کی منہ بولتی مثال ہے اور ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے پنجاب حکومت کی گڈ گورننس اور شفافیت پرمہر ثبت کی ہے۔

(جاری ہے)

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی رپورٹ کے مطابق یہ منصوبے قواعد وضوابط کے عین مطابق ہیں اورہم اللہ تعالیٰ اور عوام کے سامنے سرخرو ہیں ۔

پنجاب حکومت نے دیانتداری سے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اورمیں ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں کہ اگر میری ذات پر ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہو جائے تو میرا گریبان اور عوام کا ہاتھ ہوگا۔وہ بدھ کو زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ذہین طلبا وطالبات میں میرٹ پر لیپ ٹاپ،سولر پینلز اورکچی آبادیوں کے مکینوں میں مالکانہ حقوق کی اسناد تقسیم کرنے کی پروقار تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں،معاون خصوصی زعیم حسین قادری،برطانوی پارلیمنٹ کے سابق رکن چوہدری سرور اور دیگر اراکین اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے باصلاحیت طالب علموں کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ الیکشن میں پاکستانی سوچ کی حامل دیانتدار قیادت کو آگے لایا جائے تو لیپ ٹاپ اور سولر انرجی پینلز سمیت موجودہ حکومت پنجاب کی طرف سے شروع کئے گئے دیگر انقلابی منصوبوں کا دائرہ پورے ملک تک وسیع کردیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ سیاسی مخالفین جوپنجاب حکومت کے شفاف منصوبوں پر بے بنیاد تنقید کرتے تھے انہوں نے اپنے دور میں بے پناہ لوٹ مار کی جس کی داستانیں پورا پنجاب سنا رہا تھا کیونکہ جب ہم نے 2008ء میں اقتدار سنبھالا تو پنجاب کرپشن کا قبرستان بنا ہوا تھا ہر طرف لوٹ مار اور اندھیرا تھا۔ہم نے کرپشن کے قبرستانوں کو روشنی کے میناروں میں تبدیل کیاہے اور اپنے پانچ سالہ دور میں عوامی خدمت کا سفر دیانتداری اور خلوص نیت سے طے کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ زربابا چالیس چوروں نے پاکستان کو کنگال کر کے رکھ دیا ہے اور ملک کا خزانہ خالی ہوچکا ہے لیکن میں ناامیدنہیں ہوں ۔انشا ء اللہ وہ وقت ضرور آئے گا جب مخلص قیادت عوام کی خدمت کیلئے آگے آئے گی اور ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ میری قوم سے اپیل ہے کہ ووٹ کی طاقت سے آئندہ عام انتخابات میں صحیح فیصلہ کرے اوردیانتدار،محنتی اور مخلص قیادت کو سامنے لائے تو ملک میں دوسال کے اندر لوڈشیڈنگ سیمت دیگر مسائل کا خاتمہ کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی مخالفت اورمشکلات کے باوجود صوبہ پنجاب میں ذہین طالب علموں میں میرٹ پردو لاکھ دس ہزار لیپ ٹاپ اور اتنی ہی تعداد میں سولرانرجی پینلزمفت تقسیم کئے گئے ہیں جبکہ30ہزار گرین ٹریکٹرز،اڑھائی ارب روپے کے بلا سود قرضے اور پچاس ہزار نوجوانوں کو انٹرن شپ پروگرام کے تحت دس ہزار روپے ماہانہ وظائف دیئے گئے ہیں۔

اگر پنجاب حکومت رکاوٹوں کے باوجود عوامی فلاح و بہبود اور نوجوانوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے یہ انقلابی اقدامات کرسکتی ہے تو ملک کو اندھیروں سے نکال کر اجالوں میں واپس بھی لایاجاسکتا ہے اور کوئی وجہ نہیں کہ قائد اور اقبال کا پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا نہ ہوسکے اور کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل نہ کیا جاسکے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر عوام نے خدمت کا موقع دیا تو انٹرنیشنل معیارکے عظیم الشان منصوبے میٹروبس پراجیکٹ کراچی،راولپنڈی،فیصل آباد سمیت ملک کے بڑے شہروں میں شروع کئے جائیں گے جبکہ پنجاب حکومت عوام کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے راولپنڈی،ملتان اور فیصل آباد میں اےئر کنڈیشنڈ بسوں کا اجراء کر چکی ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 1990میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کی معاشی پالیسیوں کی بھارت نے تقلید کی جو آج ہم سے آگے ہے اور اب اتر پردیش کے وزیراعلیٰ بھی ہماری تقلید کرتے ہوئے طالب علموں میں لیپ ٹاپ تقسیم کررہے ہیں اور ہم نے جو پالیسیاں اختیار کی ہیں انہیں آج بھارت فالو کررہا ہے ۔انہوں نے طالب علموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک وقوم کی خوشحالی کے لئے آئندہ الیکشن میں درست فیصلہ کریں کیونکہ یہ وقت پاکستان کو لوڈشیڈنگ،بے روزگاری،کرپشن،دہشت گردی اور دیگر گھمبیر مسائل سے نکالنے کا وقت ہے اور مجھے نوجوانوں سے قوی امید ہے کہ وہ مستقبل میں درست فیصلہ کرکے ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے نکالیں گے۔

وزیراعلیٰ نے طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ اور کچی آبادیوں کے مکینوں میں مالکانہ حقوق کی اسناد تقسیم کیں۔موجودہ وسابق اراکین اسمبلی چوہدری شیر علی،چوہدری عاصم نذیر،میاں عبدالمنان،محمد نواز ملک،رانا محمد افضل خاں،خواجہ محمد اسلام،شفیق گجر،رضانصراللہ گھمن،خلیل طاہر سندھو،ڈاکٹر خالد امتیاز بلوچ،رائے اعجاز کھرل،مسز انجم صفدر، ڈاکٹرغزالہ رانا،رضیہ جوزف،جوئیل عامر سہوترا،راؤ کاشف رحیم،سید ذیشان الہیٰ،صفدر شاکر،اصغر علی ملک،میاں اجمل آصف، ظفر اقبال ناگرہ ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں