پاکستان کرکٹ ٹیم کے آف سپنر سعید اجمل کا ہرنیا کا آپریشن آئندہ ہفتے ہوگا

جمعہ 29 مارچ 2013 15:53

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 29مارچ 2013ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آف سپنر سعید اجمل کا ہرنیا کا آپریشن آئندہ ہفتے ہوگا۔وہ حالیہ دورہ جنوبی افریقہ کے دوران ہرنیا کی تکلیف میں مبتلا ہو گئے تھے۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں سعید اجمل نے امید ظاہرکی کہ وہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی اگلی بین الاقوامی مصروفیت سے پہلے مکمل طور پر فٹ ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

سعید اجمل لاہور میں جاری ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم فیصل آباد وولوز کی جانب سے پیٹ کی تکلیف کے سبب نہیں کھیل رہے اور آج کل فیصل آباد میں آرام کر رہے ہیں۔سعید اجمل نے بتایا کہ انہیں کچھ مہینوں سے پیٹ کے نچلے حصے میں درد تھا اور جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران یہ تکلیف بڑھ گئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے ہو سکتا ہے کہ انہیں ہرنیا ہو لیکن دو روز بعد وہ لاہور پہنچ کر مزید ٹیسٹ کروائیں گے ۔سعید اجمل کے مطابق یہ کوئی بہت بڑا آپریشن نہیں ہو گا اور عام طور پر دو سے تین ہفتے میں مریض صحت یاب ہو جاتا ہے۔سعید اجمل کا جلد صحت یاب ہونا پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے لیے بہت ضروری ہے کیونکہ وہ کچھ برسوں سے پاکستان کی ٹیم کا جزو لازم ہیں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں