الیکشن کے بعد کا منظر اچھا نظر نہیں آ رہا ،مسلم لیگ(ق) بھاری اکثریت سے جیتے گی، سنی اتحاد کونسل سے اتحاد قائم ہے،ہمارے کارکن سائیکل پر ووٹ ڈالنے جائیں گے ، اس پر پابندی نہیں، الیکشن کمیشن بتائے ٹرانسپورٹ میں تانگہ اور گدھا گاڑی بھی شامل ہے ،صاحبزادہ فضل کریم عظیم رہنما تھے، ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلاء پورا نہیں ہو گا،مسلم لیگ(ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین کی صاحبزادہ فضل کریم کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو

منگل 16 اپریل 2013 20:36

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16اپریل۔ 2013ء) مسلم لیگ(ق) کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ فضل کریم کے انتقال سے ملک ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔ وہ منگل کو صاحبزادہ فضل کریم کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد جنرل سیکرٹری چودھری ظہیر الدین کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ صاحبزادہ فضل کریم کی وفات سے پیدا شدہ خلاء پورا نہیں کیا جا سکتا، آج نماز جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی شرکت ان کے دینی و قومی مقام اور عوامی مقبولیت کا ثبوت ہے۔ مرحوم کی تعلیمات سے لوگ ہمیشہ فائدہ اٹھاتے رہیں گے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کے ساتھ پاکستان مسلم لیگ کا اتحاد قائم ہے۔

(جاری ہے)

ووٹروں کو ٹرانسپورٹ فراہم کرنے پر پابندی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ پہلے وہ ٹرانسپورٹ کی وضاحت کریں کہ اس میں کون کون سی گاڑیاں آتی ہیں، کیا اس میں کاروں، بسوں، ویگنوں کے علاوہ ٹریکٹر، ٹرالیاں، تانگے، ریڑھے اور گدھا گاڑیاں بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں سائیکل ٹرانسپورٹ میں شامل نہیں اس لیے ہمارے کارکن سائیکل پر ووٹ ڈالنے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد والا منظر مجھے اچھا نظر نہیں آ رہا، جس طریقے سے معاملات چلیں گے سب کو اس کی فکر کرنا ہو گی اور تمام سیاسی جماعتوں کو مل جل کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ الیکشن میں سرپرائز دے گی اور انشاء اللہ قومی اور صوبائی سطح پر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔

سکیورٹی واپس لینے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ زندگی اور موت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے سکیورٹی واپس لینے یا نہ لینے سے کوئی فرق نہیں پڑا، الیکشن میں ہم اپنی پچھلی کارکردگی کی بناء پر عوام کے پاس جا رہے ہیں لوگوں کو دھوکا نہیں دیا جا سکتا کیونکہ عوام اب ہوشیار ہو گئے ہیں، اب عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری کا خاتمہ اور امن و امان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ کچھ حلقے اوپن رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے ایک اور سوال پر کہا کہ الیکشن کے بعد نئے اتحاد بنیں گے ہماری پارٹی کا مثبت کردار ہو گا۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں