فیصل آبا ، یونین کونسل261 کے 40سال پرانے جیالے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی چھوڑ کر(ن) لیگ میں شامل رانا ثنا ء اللہ کی مکمل حمایت کا اعلان،یہ لوگ پیپلز پارٹی کو نہیں کرپٹ زرداری ٹولے کو چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے ہیں ، اصل پیپلز پارٹی بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ان کے ساتھ ہی دفن ہو گئی تھی، ہمدردی میں ملنے والے ووٹوں سے مسٹر ٹین پرسینٹ زرداری ملک پر قابض ہو گیا ،اس نے پانچ سالوں میں ملک میں وہ لوٹ مارمچائی کے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ،سابق صوبائی وزیر قانون اور پی پی 70میں مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا ثنا ء اللہ کاشمولیتی تقریب سے خطاب

ہفتہ 27 اپریل 2013 20:54

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔27اپریل۔ 2013ء) سابق صوبائی وزیر قانون اور پی پی 70میں مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار رانا ثنا ء اللہ خاں کے سیاسی مخالفین کو ایک اور جھٹکا ، پیپلز پارٹی کے امیدوار کی اپنی یونین کونسل261 کے 40سال پرانے جیالے کارکن محمود آباد کے چوہدری محمد شریف،اویس شریف،ما سٹررانا رشید احمد ،جوالا نگر کے چوہدری محمد حنیف ، شاہد چھندا،رانا نصیر اور رانا نزیر برادران اپنے سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ پیپلز پارٹی چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے اور الیکشن میں رانا ثنا ء اللہ خاں کی مکمل حمائت کا اعلان کر دیا ہے ۔

یہ اعلان جوالا نگر میں سابق ناظم حاجی امجد انصاری کی رہائش گاہ پر منعقد ہونے والی کارنر میٹنگ میں کیا گیا جس میں سابق کونسلر حاجی غلام رسول انصاری،ملک افضل قادری،شبیر احمد انصاری،سابق کونسلر رانا خالد محمود،عتیق الرحمن انصاری،رشید احمد انصاری،رانا محمد اظہر وقار اور دیگر سیاسی و سماجی رہنما اور علاقہ کی معزز شخصیات کے علاوہ کارکنوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا کہ جو ساتھی پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے در اصل یہ لوگ پیپلز پارٹی کو نہیں بلکہ کرپٹ زرداری ٹولے کو چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے ہیں کیونکہ اصل پیپلز پارٹی تو محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ان کے ساتھ ہی دفن ہو گئی تھی۔

(جاری ہے)

جس کے بعد ہمدردی میں ملنے والے ووٹوں سے مسٹر ٹین پرسینٹ زرداری ملک پر قابض ہو گیا ۔اور انہوں نے پانچ سالوں میں ملک میں وہ لوٹ مارمچائی کے عوام کی زندگی اجیرن کر دی۔ تمام قومی اداروں کو بڑی بے دردی کے ساتھ لوٹا گیا جو جتنا زیادہ کرپٹ تھا اسے اتنا ہی بڑا سرکاری عہدا دے دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ میں نے آج تک اپنے سیاسی مخالفین کے بارے میں کوئی بات نہیں کی مگر پیپلز پارٹی کے امیدوار نے اپنے پورے خاندان کو بار بار مجھ سے ہروانے کا ٹھیکہ لے لیا ہے ۔

پہلے الیکشن میں اسے شکست دی پھر اس کے بیٹے کو اب پھر اس نے اپنے ایک اور بیٹے کو میدان میں لاکر کھڑا کر دیا ہے ۔پیپلز پارٹی کے پاس اس کے علاوہ کوئی اور امیدوار دستیاب نہیں؟ اس نے پارٹی کو اپنی میراث بنا رکھا ہے جو حقیقی ورکر ہیں پارٹی ٹکٹ دیتے وقت انہیں نظر انداز کر دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے تعان سے انہوں نے اپنے حلقہ پی پی 70میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کروائے ہیں پورے حلقہ میں تمام بنیادی مسائل حل کر دیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے دوسری جماعتوں کے کارکن بھی ان کاموں سے متاثر ہو کر کرپٹ ٹولے کو چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں دھڑا دھڑ شامل ہو رہے ہیں ۔

عوام نے انہیں دوبارہ کامیاب کروا یا تو وہ ترقی کا یہ سفر ختم نہیں ہونے دیں گے ۔غریبوں کے لئے نئی نئی سکیمیں اور بے روز گار نوجوانوں کے لئے روزگار کے اچھے مواقع فراہم کیئے جائیں گے ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں