فیصل آباد، ٹریفک پولیس،محکمہ ٹرانسپورٹ اور اوگرا کی سی این جی سلنڈرز،گاڑیوں کی فٹنس اور قانون شکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیلئے مشترکہ خصوصی ٹیمیں تشکیل

جمعرات 30 مئی 2013 20:57

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔30مئی۔2013ء) سٹی ٹریفک پولیس،محکمہ ٹرانسپورٹ اور اوگرا کے اشتراک سے اضافی فیول کین،سی این جی سلنڈرز،گاڑیوں کی فٹنس،روٹ پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس کی جانچ پڑتال اور قانون شکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کو بڑھانے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔چیف ٹریفک آفیسر سردار محمد آصف خاں کے زیرصدارت اجلاس میں طارق محمود سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹرز اتھارٹی ،جاوید بھٹہ موٹر وہیکل ایگزیمنر،اسد الرحمان،ڈی ایس پی ٹریفک سول لائن خرم شہزاد،ڈی ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹر محمد عامر شہزاد(اوگرا ڈیپارٹمنٹ) اور دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر سی ٹی او نے کہا کہ مسافر بردار گاڑیوں میں متعدد وائیلیشنز سے حادثات جنم لیتے ہیں جن میں گھروں کے گھر اجڑجاتے ہیں لہذا ایسے خطرناک وائیلیٹرز کو آہنی قانونی گرفت میں لیا جائے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ٹیم نمبر1میں اسد الرحمان ڈی ایس پی ٹریفک،سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور اوگرا کا ٹیکنیکل نمائندہ شامل ہوگا جبکہ ٹیم نمبر2میں خرم شہزاد ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر،الفت رسول ایم وی ای اور اوگراکا ٹیکنیکل نمائندہ شامل ہوگا۔

دونوں ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر ضلع بھر کے مختلف مقامات پر کارروائی کریں گے۔چیف ٹریفک آفیسر روزانہ کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائی کا جائزہ لیں گے۔میٹنگ کے فیصلہ کے مطابق گاڑیوں کی تھانوں/ٹریفک سیکٹرز میں بندی،ڈرائیورز کی گرفتاری اور ٹریفک پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے چالان کے ذریعے بھاری جرمانے جیسی کارروائی شامل ہے ۔

واضح رہے کہ سٹی ٹریفک پولیس نے گزشتہ 4روز میں اضافی فیول کین رکھنے والی 157گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی ہے جنہیں 78ہزار500روپے جرمانہ غیر معیاری اور اضافی سلنڈر رکھنے والی 858گاڑیوں کے خلاف کارروائی میں انہیں 4لاکھ 33ہزار 500روپے جرمانہ کیا ہے اسی طرح کھٹارہ(ان فٹ)138ہزار جرمانہ کیا گیا ہے اور 463گاڑیوں کے پھٹے لگانے پر 2لاکھ 31ہزار 500روپے جرمانہ کیا ہے ۔سی ٹی او نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس انسانی زندگیوں کے تحفظ کی کاوش میں سٹی ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں