وزیراعظم کی وزارت قانون کو بجلی اور گیس چوروں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے فوری آرڈیننس کے اجراء کیلئے قانونی مسودہ 24گھنٹے میں تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت ، قانون کے تحت بجلی اور گیس چوروں کی تین سال تک ضمانت نہیں ہوسکے گی ، جس فیکٹری یا تجارتی جگہ گیس چوری پائے جائے اسے ایک سال کیلئے سیل کردیا جائے گا،وزیراعظم نواز شریف کی فیصل آباد میں کروڑوں کی گیس چوری کرنے والی فیکٹری کو سیل کرنے کے موقع پر ہدایات

پیر 15 جولائی 2013 18:57

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔15جولائی۔ 2013ء) وزیراعظم نواز شریف نے وزارت قانون کو بجلی اور گیس چوروں کے خلاف سخت کارروائی کے لئے فوری آرڈیننس کے اجراء کے لئے قانونی مسودہ 24گھنٹے میں تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے تحت بجلی اور گیس چوروں کی تین سال تک ضمانت نہ ہوسکے اور جس فیکٹری یا تجارتی جگہ گیس چوری پائے جائے اسے ایک سال کیلئے سیل کردیا جائے۔

وزیراعظم نے یہ ہدایت پیر کو یہاں جھنگ روڈ پر ایک فیکٹری میں انتہائی ٹیکنیکل طریقے سے گیس چوری کے معائنہ اور بعد ازاں فیکٹری کو سیل کرنے کے دوران جاری کی۔ وزیراعظم کو اس موقع پر سوئی گیس کے حکام نے بتایا کہ اس فیکٹری کے مالکان نے 9ماہ کے دوران 27کروڑ روپے کی گیس چوری کی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ بجلی اور گیس چوری کرنے والے کسی رورعایت کے مستحق نہیں اور ایسے افراد کو ضمانت کی سہولت نہیں ہونی چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی گیس اور بجلی چور کو معاف نہیں کرے گی ایسے افراد کو عبرت کی مثال بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گیس اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کیلئے فوری آرڈیننس جاری کیا جائے گا اور اس کے بعد پارلیمنٹ سے قانون سازی کی جائے گی جس کے تحت گیس اور بجلی چور کی تین سال تک ضمانت نہیں ہوسکے گی اور جس فیکٹری یا تجارتی جگہ سے گیس چوری پائی جائے گی اسے بھی ایک سال کیلئے سیل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر گیس اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کے لئے ڈائریکٹر ایف آئی اے حسین اصغر کی سربراہی میں خصوصی سیل بھی بنا دیا گیا ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں