گھوٹکی ،دہشتگردوں نے گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا ،دو سکیورٹی گارڈ جاں بحق ،بجلی پیدا کرنیوالے پاور پلانٹس اورپنجاب کے متعدد اضلاع کو گیس کی سپلائی معطل ، گھریلو صارفین کو مشکلات کا سامنا،بجلی کا شارٹ فال بھی بڑھ گیا ،دھماکے کے فوری بعد سکیورٹی اہلکار اور متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے ،پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ،چوبیس گھنٹے سے زائد کا وقت لگ سکتا ہے ‘ ایم ڈی ۔ تفصیلی خبر

بدھ 19 فروری 2014 20:05

گھوٹکی/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 فروری ۔2014ء) گھوٹکی کے قریب دہشتگردوں نے گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا ، دھماکے سے دو سکیورٹی گارڈ جاں بحق ہو گئے ،بجلی پیدا کرنے والے پاور پلانٹس اورپنجاب کے متعدد اضلاع کو بھی گیس کی سپلائی معطل ہو گئی،پاور پلانٹس کو سپلائی رکنے سے بجلی کا شارٹ فال بھی بڑھ گیا جس سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں 2سے 3گھنٹے کا اضافہ ہو گیا ۔

بتایا گیا ہے کہ نا معلوم دہشتگردوں نے گھوٹکی کے قریب اوباڑو میں میرکوش گیس پائپ لائن کو نشانہ بنایا جس سے گیس پائپ لائن کو آگ لگ گئی اور زد میں آ کر دو چوکیدار جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔دھماکے کے فوری بعد سکیورٹی اہلکار اور متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے اور دو گھنٹوں بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔

(جاری ہے)

دھماکے کے بعد بجلی پیدا کرنے والے پاور پلانٹس کے علاوہ پنجاب کے مختلف اضلاع کو بھی گیس کی سپلائی معطل ہو گئی ہے ۔

گیس سپلائی معطل ہونے سے پنجاب میں گھریلو صارفین کو ایک مرتبہ پھر مشکلات درپیش ہیں ۔ ایم ڈی سوئی گیس کے مطابق گیس پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے اور بحالی میں چوبیس گھنٹے سے زائد کا وقت لگ سکتا ہے ۔ این ٹی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق گیس سپلائی میں تعطل آنے سے 800میگا واٹ پیداواری صلاحیت کے حامل اینگرو ،ایف کے پی ایل اور روش سے پیداوار رک گئی ہے جس سے مجموعی شارٹ فال 2300میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے ۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی کل طلب 11200میگا واٹ جبکہ پیداوار8850میگا واٹ رہی ۔ ہائیڈل کے ذریعے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو بڑھ کر 3410میگا وات تک پہنچ گیا ہے جبکہ تھرمل سے 940اور آئی پی پیز سے 4500میگا واٹ بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی ۔ ذرائع کے مطابق حکومتی اعدادوشمار کے برعکس شارت فال زیادہ ہے جسکے باعث لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں دو سے تین گھنٹے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ بعض شہری علاقوں میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے بجلی بند رکھی جارہی ہے او ر لوڈ شیڈنگ کا مجموعی دورانیہ 10سے 12گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 14سے 16گھنٹے تک پہنچ گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

گھوٹکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں