سیلاب متاثرین کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پاک فوج کے جوان فراہم کیے جائیں گے،میجر جنرل عارف وڑائچ

جمعرات 23 جولائی 2015 17:03

گھوٹکی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جولائی۔2015ء) جی۔او۔سی پنوعاقل کینٹ میجر جنرل عارف وڑائچ نے کہا ہے کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے پاک فوج پر عزم ہے ضلعی انتظامیہ کو جب ضرورت ہوگی تو سیلاب متاثرین کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پاک فوج کے جوان فراہم کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قادپور لوپ بند اور قادرپور شینک بند کے دورے کہ دوران کیا ۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو تمام تر انتظامات کر لینے چاہیں اور سیلاب میں پھنسے کچے کے لوگوں کو محفوظ مکانات پر منتقل کرنے کا بندوبست کیا جائے تاکہ کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ مشکل وقت پاکستانی عوام کا ساتھ دیا ہے جب بھی پاکستانی عوام مشکل میں ہوں گے تو پاک فوج قومی جوش و جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کرے گی اس لیے عوام کو بھی چاہیے کہ ضلعی انتظامیہ سے تعاون کیا جائے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد طاہر وٹو نے جی۔او۔سی پنوعاقل کینٹ کو سیلاب کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع گھوٹکی کی 9 یونین کاؤنسلیں کچے کے علاقے میں آرہی ہیں جس میں 310 گاؤں شامل ہیں اور کچے کا علاقہ 2 لاکھ 10 ہزار ایکڑ پر مشتمل ہے جبکہ کچے کی آبادی ایک لاکھ 25 ہزار تک ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے 42 کشتیوں کا بندوبست کیا گیا ہے تاکہ کچے کے لوگوں کو محفوظ مکانات پر منتقل کیا جاسکے اس کے علاوہ 29 ڈیوارٹنگ پمپ بھی موجود ہیں تاکہ ممکنہ بارشوں کا پانی فوری طور پر نکالا جاسکے اس کے علاوہ 48 لائیف جیکٹس بھی ہیں جو کہ ضرورت کے مطابق استعمال کی جاسکتی ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرین کی رجسٹریشن کے لیے حفاظتی بندوں پر رجسٹریشن سینٹر قائم کیے گئے ہیں تاکہ حقیقی متاثرین کو رجسٹر کر کے انہیں سہولتیں فراہم کی جائیں اس کے علاوہ حفاظتی بندوں پر میڈیکل کیمپس اور وٹنری کئمپ بھی قائم کی گئی ہیں تاکہ متاثرین اور ان کے مویشیوں کو صحت کی سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔

بریفنگ کے دوران پاک فوج کے اعلیٰ افسران سمیت کمشنر سکھر ڈویزن سکھر محمد عباس بلوچ، سیکریٹری آبپاشی سید ظہیر حیدر شاہ اور ایم۔ذی سیڈا بابر آفندی موجود تھے ۔

گھوٹکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں