دریائے سندھ نے سیکڑوں دیہات اجاڑ دیئے، راجن پور، میانوالی میں حفاظتی بند ٹوٹ گئے

جمعہ 24 جولائی 2015 15:46

میانوالی / لیہ / گھوٹکی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 جولائی۔2015ء) دریائے سندھ کے منہ زور پانی نے جنوبی پنجاب اور سندھ کے مزید کئی دیہات ملیامیٹ کر دئیے ، گھوٹکی میں 70 دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ، میانوالی اور راجن پور میں حفاظتی بند ٹوٹنے سے سیکڑوں بستیاں زیر آب آ گئیں، دریائے سندھ کا سیلابی ریلا جہاں سے گزرا ہر شے ملیا میٹ کرتا گیا ، بے رحم موجوں کی زد میں آنے والی سیکڑوں بستیوں اور دیہات کے بے یارو مدد گار مکین بے بسی کی تصویر بنے نظر آتے ہیں۔

گھوٹکی کے علاقے کچے میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں ، ہر طرف پانی ہی پانی نظر آ رہا ہے جس سے 70 سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ پانی میں محصور ہزاروں افراد نجی کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

لیہ میں خوفناک سیلاب نے جہاں ہر طرف تباہی مچا دی وہیں 150 سے زیادہ سکولوں کو بھی بہا کر لے گیا۔سیلاب سے لیہ کا اڑھائی لاکھ ایکڑ رقبہ متاثر ہوا جبکہ 382 بستیوں کے دو لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

میانوالی کے علاقے محمد شریف والی کے مقام پر بند ٹوٹنے سے بے قابو پانی درجنوں دیہات میں داخل ہوگیا جس سے ہر شے ڈوب گئی ، راجن پور میں بیٹ سوترہ بند ٹوٹ گیا ، پانی قریبی دیہات میں داخل ہوا تو ہر شے ملیامیٹ ہو گئی۔متاثرہ علاقوں میں پاک فوج اور ریسکیو 1122 کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں

متعلقہ عنوان :

گھوٹکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں