خورشید احمد شاہ اور مولانافضل الرحمان ایم کیو ایم کے استعفوں کی منظوری رکوانے اور ان کی واپسی کیلئے متحرک

دونوں رہنماؤں کا وزیراعظم اور الطاف حسین سے رابطوں کا فیصلہ،خورشید شاہ کی (کل زیراعظم سے ہنگامی ملاقات متوقع

بدھ 12 اگست 2015 22:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اگست۔2015ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ اور جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمان ایم کیو ایم کے استعفوں کی منظوری رکوانے اور ان کی واپسی کیلئے متحرک ہو گئے، دونوں رہنماؤں نے وزیراعظم نواز شریف اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے رابطے کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سید خورشید شاہ جو طے شدہ شیڈول کے تحت چترال میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر تھے اپنا دورہ مختصر کر کے اسلام آباد واپس پہنچ گئے ، انہوں نے اپنا دورہ قصور بھی منسوخ کر دیا ہے، سید خورشید شاہ کے قریبی ذرائع کے مطابق قائد حزب اختلاف نے چترال سے واپسی کے بعد سپیکر سردار ایاز صادق سے رابطہ قائم کیا ہے اور ان سے استدعا کی ہے کہ ایم کیو ایم کے استعفوں میں جلد بازی کا مظاہرہ نہ کیا جائے اور وہ اس ضمن میں چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی سے بھی (کل رات کو رابطہ کریں گے، جبکہ سید خورشید شاہ کی جمعرات کو وزیراعظم نواز شریف سے ہنگامی ملاقات متوقع ہے، جس میں وہ ایم کیو ایم کے استعفوں سے متعلق پیدا ہونے والی صورتحال پر بات چیت کریں گے اور کراچی میں رینجرز آپریشن پر ایم کیو ایم کے بعض جائز تحفظات دور کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء مولانا فضل الرحمان نے بھی ایم کیو ایم کے استعفے رکوانے کیلئے ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں اور انہوں نے ڈاکٹر فاروق ستار سے رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار نے انہیں کہا کہ بہتر ہے کہ وہ لندن میں الطاف حسین سے رابطہ کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کسی بھی وقت لندن میں الطاف حسین سے رابطہ کریں گے اور اس کے بعد جمعرات کو ان کی وزیر اعظم نواز شریف سے اہم ملاقات ہو گی۔ جس میں وہ ایم کیو ایم کے استعفوں سے پیدا ہونے والیحال پر اپنا موقف بیان کریں گے

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں