قومی اسمبلی ، اپوزیشن کا حکومتی وزرا کی عدم شرکت اور وفاقی وزیر رانا تنویر کے متنازعہ بیان کے خلاف واک آؤٹ

جمعرات 13 اگست 2015 14:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے حکومتی وزراء کی عدم شرکت اور وفاقی وزیر رانا تنویر کے متنازعہ بیان کے خلاف واک آؤٹ کیا، قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ وزراء اور حکومتی ارکان اجلاس کی کارروائی کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، صرف چند وزراء اجلاس میں آئے ہیں، دیگر وزراء ایوان کو اہمیت نہیں دیتے، رانا تنویر نے جواب دیا کہ پیپلز پارٹی دور میں ہم حکومتی بینچوں پر بیٹھ کر حکومت کی عزت بچاتے تھے۔

خورشید شاہ کے علاوہ کوئی وزیر اسمبلی میں نہیں آتا تھا، ہمارے وزراء کی اکثریت موجود ہوتی ہے لیکن خورشید شاہ چند وزراء کے علاوہ کسی کو وزیر نہیں سمجھتے، وفاقی وزیر کے بیان پر تمام اپوزیشن جماعتوں نے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا، حکومتی وزراء کے منانے پر بھی اپوزیشن واپس نہ آئی تو ڈپٹی سپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان نے استعفے دیئے ہیں، حکومت استعفوں کی منظوری میں جلد بازی سے کام نہ لے، بلکہ مشاورت سے اس بارے کوئی فیصلہ کیا جائے اور ایسے حالات پیدا کئے جائیں کہ ایم کیو ایم ایوانوں میں واپس آ جائے، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی لیڈر شپ سے بھی گزارش کروں گا کہ ملک میں جمہوری نظام چل رہا ہے، تمام مسائل کا حل جمہوری ایوانوں میں نکالا جا سکتا ہے، بعض قوتیں جمہوریت کو نقصان پہنچانے کیلئے موقع کی تلاش میں ہوتی ہیں، اس لئے ایم کیو ایم کے ارکان جلد بازی میں ایوانوں سے نکلنے کی بجائے صبر و تحمل کا مظاہرہ کر کے جمہوری پراسس کے اندر رہے۔

انہوں نے کہا کہ سوچنے کی بات ہے کہ ملک میں ایسے حالات کیوں پیدا ہوتے ہیں کہ کبھی ایم کیو ایم باہر چلی جاتی ہے اور کبھی تحریک انصاف مستعفی ہوتی ہے، ہمارے دور میں سب سیاسی قوتیں ایوانوں کے اندر مسائل حل ہوتے تھے آج پارلیمنٹ میں مسائل حل نہیں ہوتے، اس لئے لوگ استعفے دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی وزراء اور حکومتی ارکان کی تعداد ایوان میں نہ ہونے کے برابر ہے، اگر ہم واک آؤٹ کر دیں تو کوئی قانون سازی نہیں ہو سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن ارکان کو کوئی اہمیت نہیں دیتی، ہم ہمیشہ پارلیمان کی بالادستی کی بات کرتے ہیں، لیکن حکومت کیوں پارلیمان کو اہمیت نہیں دیتی، وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر احمد نے قائد حزب اختلاف کے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزراء اور ارکان ک یکم حاضری کے حوالے سے قائد حزب اختلاف کا نکتہ نظر درست نہیں، اس وقت بھی ایوان میں حکومت یارکان کی تعداد اپوزیشن ارکان سے زیادہ ہے، لیکن خورشید شاہ چند وزراء کے سوا ہمارے دیگر وزراء کو شاید وزیر ہی نہیں سمجھتے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں