قومی اسمبلی نے بینک دولت پاکستان (ترمیمی) بل 2015ء کی منظوری دیدی

جمعرات 13 اگست 2015 14:32

اسلام آباد ۔ 13 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء) قومی اسمبلی نے بینک دولت پاکستان (ترمیمی) بل 2015ء کی منظوری دیدی ہے۔ بل کے تحت سٹیٹ بینک آف پاکستان کو مالیاتی پالیسی کی تشکیل، زرمبادلہ کے ذخائر کے انتظام و انصرام پر نظر رکھنے سمیت دیگر مالیاتی امور اور پالیسیوں کے حوالے سے مکمل اختیار حاصل ہو گیا ہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی سیکرٹری خزانہ رانا محمد افضل نے تحریک پیش کی کہ بینک دولت پاکستان (ترمیمی) بل 2015ء زیر غور لانے کے لئے متعلقہ قواعد معطل کئے جائیں۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے اس بل پر کافی غور و خوض کیا ہے اس بل کی منظوری سے سٹیٹ بینک کو خود مختاری ملے گی، کمیٹی نے اتفاق رائے سے بل کی منظوری دی ہے، کمیٹی میں تمام جماعتوں کے نمائندے موجود تھے۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی نے قواعد صرف نظر کرنے کے حوالے سے تحریک کی منظوری دیدی۔ پارلیمانی سیکرٹری خزانہ رانا محمد افضل خان نے تحریک پیش کی کہ بینک دولت پاکستان (ترمیمی) بل 2015ء زیر غور لایا جائے۔ تحریک کی منظوری کے بعد ڈپٹی سپیکر نے بل کی تمام شقیں یکے بعد دیگرے ایوان میں پیش کیں جن کی قومی اسمبلی نے منظوری دیدی۔ پارلیمانی سیکرٹری خزانہ رانا محمد افضل خان نے تحریک پیش کی کہ بینک دولت پاکستان (ترمیمی) بل 2015ء منظور کیا جائے۔ ایوان نے بل کی منظوری دیدی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں