آج متحد اور یکجان ہو کر قیام پاکستان کے مقاصد کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کے عہد کا دن ہے

وزیراعظم محمد نواز شریف کا یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام پیغام

جمعرات 13 اگست 2015 14:37

اسلام آباد ۔ 13 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی فکر اور بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے نظریات کے مطابق پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کی نعمتوں کے تحفظ کے لئے ہمیں اپنے معاشرے میں باہمی تعاون اور خیرسگالی کو فروغ دینا ہوگا، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہیں اور آپریشن ضرب عضب اس عزم کی علامت ہے۔

انہوں نے یہ بات یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہی جو کل جمعہ کو منایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے یوم آزادی کے موقع پر تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن خوشی کا بھی ہے، الله تعالیٰ کے حضور سجدہ ء شکر بجا لانے اور اس عہد کو تازہ کرنے کا بھی کہ ہم متحد اور یکجان ہو کر ان مقاصد کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے جن کے لئے پاکستان حاصل کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال نے جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کے لئے ایک آزاد و خودمختار ریاست کا خواب دیکھا۔ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے ولولہ انگیز تحریک کے ذریعے اس خواب کو تعبیر کی شکل دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج ہمیں ان عظیم شہیدوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے جنہوں نے آزادی کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کر دیا اور جانیں تک نچھاور کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ آج خود احتسابی کا دن بھی ہے، ہمیں سوچنا ہوگا کہ ماضی کی کون سی غلطیوں اور کوتاہیوں کی وجہ سے ہم اپنی دوسری ہم عمر قوموں سے پیچھے رہ گئے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا ہم ہمیشہ انتشار، افراتفری اور نعرہ بازی کا شکار رہیں گے یا کامل اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ساری توانائیاں پاکستان کی تعمیر و ترقی پر مرکوز کر دیں گے۔

دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے ہم پرعزم ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اس عزم کی علامت ہے، مسلح افواج سول آرمڈ فورسز اور تمام متعلقہ اداروں کی قربانیاں اور کوششیں قابل ستائش ہیں جس کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ الله کے فضل سے پاکستان میں عوام کی حاکمیت، آئین کی حکمرانی اور جمہوریت کی کار فرمائی کا نظریہ پختہ ہو چکا ہے۔

اس سازگار ماحول میں ہمیں اپنے دیرینہ مسائل پر قابو پاتے ہوئے اقتصادی ترقی کی ایسی راہ پر گامزن ہونا ہے جو پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی روشن منزلوں تک لے جائے اور جس کے ثمرات پوری قوم کی جھولی میں پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں محبت، رواداری اور حسن سلوک کا درس دیتا ہے، آزادی کی نعمتوں کے تحفظ کے لئے ہمیں اپنے معاشرے میں باہمی تعاون اور خیرسگالی کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ علامہ اقبال کی فکر اور بابائے قوم کے نظریات کے تحت ہم ایمان و یقین، اتحاد و اتفاق اور نظم و ضبط کے ساتھ پاکستان کو ترقی کی راہوں پر گامزن ایک مضبوط و خوشحال ملک بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں