سعد رفیق کا ترکش ریلویز کے مقامی ہیڈکوارٹر کا دورہ

جمعرات 13 اگست 2015 16:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے گزشتہ روز استنبول میں ترکش ریلویز کے مقامی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور ترکش ریلویز کے اعلی حکام کے اجلاس کی صدارت کی۔ پاکستانی کونسل جنرل مقیم استنبول ڈاکٹر جُنید بھی وزیر ریلوے کے ہمراہ تھے۔ اجلاس میں ای سی او ٹرین کے اجراء، پاکستان اور ترکی کے باہمی تعاؤن سے لوکوموٹیو فیکٹری رسالپور میں لوکوموٹیوز اور راولپنڈی کیرج فیکٹری میں مسافر کوچز و مال گاڑی کے ڈبوں کی ٹی او ٹی بنیادوں پر تیاری، ٹریکشن موٹرز کی ٹیکنالوجی کی پاکستان میں منتقلی، پاکستان میں ریلوے اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن، ترک کمپنیوں کی ریلوے سیکٹر میں سرمایہ کاری کے امکانات سمیت باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور پر تفصیلاً تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس 4گھنٹے تک جاری رہا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ترک سرمایہ کاروں اور ترکش ریلویز کیلئے پاکستان ریلویز کے ساتھ مل کر کام کرنے اور پاکستان کے ریلوے سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ جس کے لئے حکومتِ پاکستان ہر طرح کی سہولتیں مہیا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ای سی او ٹرین کے اجراء کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان ریلویز کی جانب سے ترکی ،ایران ، پاکستان ریلویز اور بزنس چیمبرز کا ایک مشترکہ اجلاس پاکستان میں جلد منعقد کیا جائے گا۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اس موقع پر آبنائے باسفورس کے نیچے تعمیر شدہ ریلوے ٹنل کا دورہ کیا اور ترک انجینئرز کی فنی مہارت کو خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں