تھائی لینڈ کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کا پاکستان کی کاٹن یارن، ریڈی میڈ گارمنٹس لیدراور سرجیکل کی صنعت کی برآمدات میں اضافہ ہوگا؛وزیر تجارت خرم دستگیر

معاہدے کیلئے مذاکرات کا پہلا دور27-28ستمبرکو تھائی لینڈ میں منعقد ہو گا؛ تھائی لینڈ کے وزیر تجارت جنرل چیٹ چائی ساریکلیاسے ملاقات

جمعرات 13 اگست 2015 21:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء ) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ تھائی لینڈ کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کا پاکستان کی کاٹن یارن، ریڈی میڈ گارمنٹس لیدراور سرجیکل کی صنعت کی برآمدات میں اضافہ ہوگا، دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کیلئے معاملات طے پا گئے ہیں ، معاہدے کیلئے مذاکرات کا پہلا دور27-28ستمبرکو تھائی لینڈ میں منعقد ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے تھائی لینڈ کے وزیر تجارت جنرل چیٹ چائی ساریکلیاسے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔دونوں وزراء نے پاکستان تھائی لینڈ مشترکہ تجارتی کمیٹی کے تیسرے اجلاس میں بھی شرکت کی جو 12-13اگست کو اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔تھائی وزیر تجارت کے ہمراہ بزنسمینوں کا ایک بڑا وفد بھی تھا ۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کے وفود نے ٹیکسٹائل، زراعت، جیمز اینڈ جیولری ، فشریز،پورٹس اینڈ شپنگ، انٹلیکچوئل پراپرٹی رائیٹس ، انجنئیرنگ ، انوسٹمنٹ ،ٹیرف ، صحت اور سیاحت کے شعبوں میں مذاکرات کئے ۔

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے تھائی لینڈ کے بزنس مینوں کی پاکستانی بزنس مینوں سے براہ راست ملاقات کرائی گئی جس میں پرائیویٹ سیکٹر نے تجارت میں اضافے پر اپنی تجاویز پیش کیں اور باہمی تجارتی رابطے بھی استوار کئے ۔اس سے قبل دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت نے 2013میں اتفاق کیا تھا کہ 2018تک باہمی تجارت کو دو گنا کیا جائے ،جس کے نتیجے میں دونوں حکومتوں کے مابین مذاکرات کیلئے مشترکہ تجارتی کمیٹی اور پرائیویٹ سیکٹر کے مابین گفت وشنید کیلئے مشترکہ بزنس کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا۔

دونوں ممالک نے آزاد تجارتی معاہدے سے قبل فیزبیلٹی سٹڈی کے انعقاد کا فیصلہ کیا ۔ان سٹڈیز کے نتائج یہ ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان تھائی لینڈ آزاد تجارتی معاہدہ دونوں ممالک کے عوام کیلئے انتہائی فائدہ مند ہے ۔ ایک تحقیق کے مطابق پاکستان کو تھائی لینڈ پر کاٹن یارن،ریڈی میڈ گارمنٹس ، لیدر کی اشیاء،سرجیکل آلات اور سپورٹس کے سامان میں برتری حاصل ہے جبکہ تھائی لینڈ کو الیکٹرک اور الیکٹرک اشیاء،مشینری اور آٹو موبائل پارٹس میں پاکستان پر تقابلی برتری حاصل ہے۔

تھائی لینڈ کو ایک ہزار اشیاء پر تجارتی برتری جبکہ پاکستان کو 684اشیاء پر برتری حاصل ہے جس سے پا کستان کی برآمدات میں سات ارب ڈالر اور تھائی لینڈ کی برآمدا ت میں نو ارب ڈالر اضافے کا امکان ہے ۔گزشتہ چند دہائیوں کے دوران ایشیاء میں مینوفیکچرنگ میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی عالمی تجارتی اور مینوفیکچرنگ نیٹ ورک کا اہم حصہ بن چکے ہیں۔تھائی لینڈ آٹو پارٹس ، الیکٹرک اور الیکٹرونکس کی عالمی ویلیو چین کا ایک اہم جزو ہے ، پاکستان کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کی بدولت تھائی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کر سکیں گی ۔معاہدے کی بدولت پاکستان کو بھی آسیان کی وسیع منڈیوں تک رسائی مل جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں