” اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں ہم ایک ہیں“ قوم کو 69واں یوم آزادی مبارک

یوم آزادی کی مرکزی تقریب میں صدر‘ وزیراعظم‘ آرمی چیف و دیگر کی شرکت‘ قوم کو آزادی کی مبارکباد ‘ ملک کو مسائل سے نکالنے کے عزم کا اظہار ،بچوں اور ملکی مقبول گلوکاروں کے ملی نغمے،تقریب میں ایک منٹ کی خاموشی،سائرن بجائے گئے حصول پاکستان کیلئے قائد اعظم محمد علی جناح‘ علامہ اقبال اور سرسید احمد خان کی جدوجہد کو خراج تحسین

جمعہ 14 اگست 2015 11:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء) ” اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں ہم ایک ہیں“ قوم کو 69واں یوم آزادی مبارک ہو‘ یوم آزادی کی مرکزی تقریب میں صدر‘ وزیراعظم‘ آرمی چیف و دیگر کی شرکت‘ قوم کو آزادی کی مبارکباد کے پیغامات‘ ملک کو مسائل سے نکالنے کے عزم کا اظہار کیا گیا‘ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ وطن کی تعمیر نو کے لئے ایسے ہی جذبے کی ضرورت ہے جو تحریک آزادی کے وقت نوجوانوں میں تھی‘ حکومت ملک کو مسائل سے نکالنے کے لئے سرگرم ہے‘ پاکستان چین اقتصادی راہداری پورے خطے کے لئے مفید ہے‘ قوم اقتصادی راہداری منصوبے میں آنے والی رکاوٹیں ناکام بنا دے‘ سلامتی کو خطرہ لاحق ہونے پر اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے‘ قوم جشن آزادی کی خوشیوں میں سیلاب متاثرین اور دہشت گردی کی وجہ سے گھر بار چھوڑنے والوں کو یاد رکھے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ملک بھر میں 69 واں یوم آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا۔ کنونشن سنٹر اسلام آباد میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ہوئی جس میں صدر مملکت ممنون حسین ‘ وزیراعظم نواز شریف‘ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود‘ تینوں مسلح افواج کے سربراہان‘ سپیکر‘ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی‘ وفاقی وزراء‘ وزراء مملکت‘ اراکین اسمبلی سمیت دیگر اہم عسکری ‘سیاسی ‘ سفارتی و دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین نے پرچم کشائی کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول پڑھی گئی اور قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ تقریب میں وقتاً فوقتاً بچوں اور ملکی مقبول گلوکاروں نے ملی نغمے پیش کئے۔ تقریب میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور سائرن بجائے گئے۔ اس موقع پر تقریب میں حصول پاکستان کیلئے بزرگوں بالخصوص قائد اعظم محمد علی جناح‘ علامہ اقبال اور سرسید احمد خان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین نے اپنے خطاب میں قوم کو 69 ویں یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بزرگوں کی جدوجہد سے آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔

برصغیر کے مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن کے علامہ اقبال کے خواب کو قائد اعظم نے تعبیر دی۔ قومی پرچم سربلند دیکھ کر اپنے بزرگوں کی یادیں تازہ ہوگئیں۔ سرسید احمد خان نے علم کی شمع روشن کی۔

قائد اعظم محمد علی جناح نے عظیم مملکت کے قیام کے لئے عملی جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی تعمیر نو کے لئے ایسے ہی جذبے کی ضرورت ہے جو تحریک آزادی کے وطن نوجوانوں میں تھی۔ ملک کو جہالت‘ غربت‘ بے روزگار‘ دہشت گردی سمیت کئی مسائل کا سامنا ہے ہمیں ان مسائل سے نبرد آزما ہونے کے لئے سرسید احمد خان کے جذبے کے تحت جدید تعلیم کو فروغ دینا ہے۔

ہمیں اپنے ملک سے بدعنوان عناصر کا خاتمہ کرناہوگا۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے لئے حکومت تندہی سے کام کررہی ہے۔ پاکستان چین اقتصادی راہداری پورے خطے کے لئے مفید ہے۔ قوم اقتصادی راہداری منصوبے میں آنے والی رکاوٹیں ناکام بنا دے۔ حکومت پاکستان اور مسلح افواج دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔ قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم پاک فوج اور حکومت کی پشت پر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں برداشت کا کلچر فروغ پارہا ہے حقیقت پسندانہ خارجہ پالیسی کے باعث عالمی برادری میں پاکستان کو پذیرائی مل رہی ہے۔ بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام متنازعہ مسائل کو بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں۔

پاکستان پرامن بقائے باہمی کی بنیاد پر دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا حامی ہے۔ سلامتی کو خطرہ لاحق ہونے پر اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ سیلاب کی روک تھام کے لئے ہمیں مضبوط حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ قوم جشن آزادی کی خوشیوں میں سیلاب متاثرین کو شریک رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف گھر بار چھوڑنے والوں کو بھی یاد رکھنا ہے عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی اولین ترجیح ہے۔ ہمیں عہد کرنا ہے کہ آئندہ برس کا یوم آزادی آج کے یوم آزادی سے کہیں بہتر اور شاندار ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں