دہشتگرد تنظیمیں اپنے نفرت انگیز ایجنڈے کو ملک میں فروغ دینے کیلئے تین ہزار کے قریب ویب سائٹس چلارہی ہیں ‘ حکومت کا انکشاف

جمعہ 14 اگست 2015 13:17

دہشتگرد تنظیمیں اپنے نفرت انگیز ایجنڈے کو ملک میں فروغ دینے کیلئے تین ہزار کے قریب ویب سائٹس چلارہی ہیں ‘ حکومت کا انکشاف

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء) حکومت نے انکشاف کیا ہے کہ دہشت گرد تنظیمیں اپنے نفرت انگیز ایجنڈے کو ملک میں فروغ دینے کے لیے تین ہزار کے قریب ویب سائٹس چلارہی ہیں۔اس بات کا انکشاف رکن پارلیمنٹ طاہر اقبال نے اجلاس کے دور ان کیا طاہر اقبال نے کہا کہ حکومت الیکٹرونکس کرائم بل 2015 کو جلد از جلد حتمی شکل دینا چاہتی ہے کیونکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پر قومی ایکشن پلان کے مطابق عملدرآمد چاہتے ہیں۔

ذیلی کمیٹی کے اراکین نے متعدد جرائم اور سزاوٴں کا ایک، ایک کرکے جائزہ لیا جن پر کمیٹی میں شامل اپوزیشن اراکین، وکلاء، این جی اوز اور ہیومین رائٹس اداروں کے اراکین نے شدید تنقید کی تھی۔شرکاء کی جانب سے اس بل میں درج جرائم اور سزاوٴں پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں نفرت انگیز تقاریر، شناخت کا غیرقانونی استعمال، غیر قانونی مداخلت اور دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

اسی طرح کسی فرد کے وقار کے خلاف جرائم، سائبر اسٹاکنگ، اسپامنگ، سپوفنگ، ڈیٹا ٹریفک میں رکاوٹ اور انفارمیشن سسٹم میں کسی انٹیلی جنس تک رسائی روکنا، ہٹانا یا بلاک کرنا وغیرہ پر بھی بات کی گئی۔ کمیٹی کا آئندہ اجلاس 18 اگست کو ہوگا جس میں بل کے مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی جس کے بعد اسے قومی اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔نئے سائبر کرائم بل کے ناقدین کا دلیل دیتے ہیں کہ موجودہ شکل میں یہ بل تفتیشی انتظامیہ کو لامحدود اختیارات دیتا ہے اور اس سے شہری حقوق سے محروم ہوسکتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں