پاک فضائیہ نے یوم آزادی روایتی جوش و جذبہ سے منایا ، ملکی سا لمیت، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی

قوم نے ہمیشہ مشکل حا لات میں یکجہتی کا مظاہرہ کیا، پاک فضائیہ قومی دفاع کا ہراول دستہ ہونے کے ناطے اپنے فرائض کی ادائیگی اورفضائی سرحدوں کی پاسداری کیلئے ہر وقت تیا رہے، ہمیشہ قوم کی اُمنگوں پر پورا اترے گی،ائیر چیف مارشل سہیل امان کاتقریب سے خطاب

جمعہ 14 اگست 2015 18:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء) پاکستان ائیر فورس نے یوم ِ آزادی قوم کے شانہ بشانہ روایتی جوش و جذبہ سے منایا ۔ دن کا آغاز پاک فضائیہ کی تمام مساجد میں نمازِ فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے ہوا جن میں ملکی سا لمیت، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔بعد ازاں پاک فضائیہ کے تمام بیسز پر ائیرمین اور سویلین حضرات نے اکٹھے ہوکر قومی ترانہ گایا۔

اس دن کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی ائیر وائس مارشل فاروق حبیب،ڈپٹی چیف آف دی ایئر سٹاف(ٹریننگ) نے پرچم کشائی کی اورپاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کا قوم کے نام پیغام پڑھ کر سنایا۔

(جاری ہے)

جس میں ائیر چیف نے کہا کہ، ’’ ہر سال ہم اپنا یوم آزادی جذبۂ حُبّ الوطنی سے منا تے ہیں تاکہ اپنے آباؤ اجداد کو اُن بے مثال قربانیوں کیلئے خراج تحسین پیش کر سکیں جِن کی بدولت ہمیں آزادی ملی۔

البتہ اِن خو شیوں کو مناتے ہوئے ، ایک با شعور قوم کی حیثیت سے ہمیں اپنے اُن بھائی بہنوں کو یاد رکھنا چاہئیے جو ملک میں آنے والے حا لیہ سیلاب سے متا ثر ہوئے ہیں اور اپنے گھروں سے دور ہو گئے ہیں۔ اُن کے مسا ئل کو کم کرنے کیلئے انکی مدد کر نا ہمارا اخلاقی فریضہ ہے اﷲ تعالیٰ کے فضل سے ، ہماری قوم نے ہمیشہ مشکل حا لات میں یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے اور مصائب پر فتح پا ئی ہے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاک فضائیہ قومی دفاع کا ہراول دستہ ہونے کے ناطے اپنے فرائض کی ادائیگی اورفضائی سرحدوں کی پاسداری کیلئے ہر وقت تیا رہے اور ہمیشہ قوم کی اُمنگوں پر پورا اترے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں