اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ڈینگی مچھر کے سدباب، بچاؤ اور تدارک کے 10 روزہ دوسرے مرحلے کا آعاز ہو گیا

پیر 17 اگست 2015 15:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اگست۔2015ء) محکمہ صحت اسلام آباد کے زیراہتمام ڈینگی مچھر کے سدباب، بچاؤ اور تدارک کے 10روزہ دوسرے مرحلے کا آعاز پیرسے اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ہو گیا۔محکمہ صحت اسلام آباد کے انچارج ڈینگی سرویلنس سیل ڈاکٹر نجیب درانی کے مطابق رواں دس روزہ مہم کے دوسرے مرحلے کے دوران ٹیمیں گھر گھر جا کر لوگوں میں ڈینگی کے حوالے سے آگہی پیدا کریں گی اور انہیں ماحول کو صاف اور خشک رکھنے اور کچرا کے تلف کرنے کے حوالے سے آگاہ کریں گی ۔

انہوں نے کہا کہ جو ایریا ممکنہ طور پر ہائی رسک ہو اور مچھر کی افزائش کیلئے موزوں جگہ ہو وہاں پر مچھر مار سپرے ااور فیومیگیشن کریں گی کباڑ خانوں اور کچرے کے ڈرموں پر بھی مچھر مار سپرے اور فیومیگیشن کریں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مون سون کا موسم ختم ہوگیا ہے اور یہ موسم مچھروں کی افزائش کیلئے بہترین ماحول ہے اس موسم میں مچھروں کی افزائش ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی مچھر کے سدباب، بچاؤ اور تدارک کیلئے 10 روزہ مہم 17 سے 26 اگست تک اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں جاری رہے گی جس کیلئے سینٹری انسپکٹر، لیڈی ہیلتھ ورکر اور سینٹری پٹرول کو آگاہ کیا گیا کہ وہ گھر گھر جا کر مچھروں کے تدارک کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں جہاں بھی لاروا ملتا ہے وہاں پر مچھر مار سپرے کریں گے۔

انہوں نے کمیونٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس سیزن میں گھروں کے اندر باہر پانی کو جمع نہ ہونے دیں، ٹوٹے برتن کو اٹھائیں اور برتنوں میں پانی نہ کھڑا ہونے دیں کیونکہ اس موسم میں مچھر انڈے دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی مچھر روکنے کا واحد حل مادہ مچھر کو تلف کرنا ہے ، ڈینگی کے ممکنہ مریض اگست کے مہینے میں ہسپتالوں میں تشخیص اور علاج کیلئے آنا شروع ہو جاتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران ڈینگی کے مریضوں کا تناسب بڑھتا اور کم ہوتا رہا۔ انہوں نے کہاکہ ڈینگی کے مریض ہسپتالوں میں آنے کی صورت میں معالجین سے اس کی اطلاع فوری طور پر بذریعہ فیکس آئی سی ٹی اسلام آباد کو دینے کی درخواست کی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں