اسلام آباد ہائی کورٹ، عمران خان کے وکیل بابر اعوان کی جرمانے کی سزا کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ستمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی

منگل 18 اگست 2015 15:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان کو ماتحت عدالت کی جانب سے دی جانے والی جرمانے کی سزا کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ستمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی ۔منگل کو عدالت عالیہ کے جسٹس نورالحق این قریشی پر مشتمل سنگل بینچ نے عمران خان کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی تو درخواست گزار کی جانب سے ڈاکٹر بابر اعوان جبکہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے احسن الدین شیخ عدالت میں پیش ہوئے دروان سماعت احسن الدین شیخ ایڈوکیٹ نے عدالت میں موقف اختیار کیا وہ مذید تیاری کرنا چاہتے ہیں اور ایک مذید درخواست عدالت میں دائر کرنا چاہتے ہیں کہ ڈاکٹر بابر اعوان کی سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے ساتھ ذاتی لڑائی تھی لہذا وہ اس مقدمہ کی پیروی نہیں کر سکتے جس پر عدالت نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ستمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اسلام آباد کی ماتحت عدلیہ کی سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف دائر ہتک عزت کے دعویٰ میں جواب جمع نہ کرانے پر ان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان کو جرمانے کی سزا کی تھی جس کے خلاف عمران خان نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں