پنجاب میں دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کیخلاف آپریشن مزید تیز کرنیکا فیصلہ

کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کا پوری قوت سے قلع قمع کیا جائیگا،کالعدم تنظیموں اور انہیں مالی معاونت فراہم کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے‘ شہبازشریف وطن عزیز میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں،آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی نیشنل ایکشن پلان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متفقہ قومی لائحہ عمل ہے ،آپریشن ضرب عضب نے امن دشمنوں پر کاری ضرب لگائی ہے دہشت گرد ،سہولت کار ملک و قوم کے دشمن ہیں، پولیس ،قانون نافذ کرنیوالے ادارے ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں صوبے بھر میں سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنایاجائے، متعلقہ ادارے انٹیلی جنس شیئرنگ کیلئے قریبی کوآرڈینیشن جاری رکھیں‘وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس، امن عامہ کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے پیش رفت کاجائزہ لیاگیا

منگل 18 اگست 2015 18:37

پنجاب میں دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کیخلاف آپریشن مزید تیز کرنیکا فیصلہ

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں، نیشنل ایکشن پلان دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف متفقہ قومی لائحہ عمل ہے اورپنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر موثر انداز سے عملدرآمد جاری ہے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کہیں بھی سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی، دہشت گرد اور ان کے سہولت کار ملک و قوم کے دشمن ہیں، پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کئے جانیوالے اقدامات کا جائزہ لیا گیااور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی عزم کا عکاس ہے اور پوری قوم ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم کر چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کرنے کیلئے ہمت اورتسلسل کیساتھ آگے بڑھنا ہوگااورہم سب کو اتحاد اوراتفاق کی طاقت سے ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے چھٹکارا دلانا ہے ۔ پوری قوم دہشت گردی و انتہاپسندی کے مکمل صفایا کیلئے ایک ہو چکی ہے۔وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کا پوری قوت سے قلع قمع کیا جائے گا۔نیشنل ایکشن پلان کے تحت ا ٹھائے گئے اقدامات تسلسل کیساتھ جاری رکھے جائیں۔پاک افواج کا دہشت گردوں کیخلاف کامیاب آپریشن ضرب عضب پوری قوت سے جاری ہے اور اس آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں پر کاری ضرب لگائی گئی ہے۔ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے وطن اور امن کے دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا رہا ہے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ ملک کی بقاء کی جنگ ہے اورپوری قوم پاک افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ ملک کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کرکے دہشت گردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو پاکستان میں سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی اور انہیں کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔

دہشت گرد اور ان کے سہولت کار ملک و قوم کے دشمن ہیں، ان کا نام و نشان مٹا کر دم لیں گے۔ا نشاء اﷲ اتحاد اوراتفاق کی قوت سے دہشت گردوں کو شکست دے کرنئی تاریخ رقم کریں گے اورملک کوامن کا گہوارہ بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنایاجائے،کابینہ کمیٹی برائے امن وامان سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے فعال اور متحرک کردار ادا کرے-انہوں نے کہاکہ متعلقہ ادارے انٹیلی جنس شیئرنگ کے حوالے سے قریبی کوآرڈینیشن جاری رکھیں- لاؤڈ سپیکر پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے -وال چاکنگ پر پابندی اور مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم روکنے کے حوالے سے قوانین پر موثر انداز میں عملدرآمد ہونا چاہیے - کالعدم تنظیموں اور انہیں مالی معاونت فراہم کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے ۔

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ، چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں