سیکرٹری ہاؤسنگ و تعمیرات کی زیر صدارت ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی اور اسٹیئرنگ کمیٹی کا مشترکہ اجلاس

منگل 18 اگست 2015 19:17

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء) سیکرٹری ہاؤسنگ و تعمیرات کی زیر صدارت ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی اور اسٹیئرنگ کمیٹی کا مشترکہ اجلاس فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن میں منعقد ہوا جس میں میسرز گرین ٹری اور میسرز نیسپاک کو بھی بلایا گیا تھا تاکہ ایگزیکٹو اور اسٹیئرنگ کمیٹی کو نیسپاک اور ڈیزائن مین کی طرف سے بھارہ کہو سائیٹ کے حال ہی میں کئے گئے مشترکہ سروے کے بارے میں بریفنگ کیا جا سکے۔

اس کے علاوہ بھارہ کہو اسکیم کے نظرثانی شدہ لے آؤٹ پلان کے بارے میں بھی غور کیا جا سکے۔ ایگزیکٹو اور اسٹیئرنگ کمیٹیوں نے میسرز گرین ٹری اور نیسپاک کو ہدایت کی کہ سروے کی تکمیل کا کام تیز کیا جائے اور ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کو ایک ماہ کے اندر نظرثانی شدہ لے آؤٹ پلان کے ساتھ رپورٹ پیش کی جائے تاکہ مزید وقت ضائع کئے بغیر اس منصوبے پر ترقیاتی کام شروع کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات کی طرف سے میڈیا کارکنان اور صحافیوں کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے طریقہ کار کے حوالے سے سفارشات پر بھی غور کیا گیا اور وزارت اطلاعات و نشریات کی طرف سے ذرائع ابلاغ میں پہلے ہی مشتہر کئے گئے اہلیت کے معیار کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ان کی منظوری دی گئی۔ کمیٹی کے ارکان نے جی الیون تھری کے 9 سی ٹائپ اپارٹمنٹس اور جی 13 مرکز کے ایک کمرشل پلاٹ کی شفاف انداز میں نیلامی کو سراہا اور نیلامی کے عمل کی منظوری دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیکٹر جی 13 اور جی 14/4 میں کچرا اٹھانے کا کام ہاؤسنگ فاؤنڈیشن خود کرے گی اور یہ خدمات فراہم کرنے والے ادارے کو ادائیگی کے طریقہ کار کو متعارف کرایا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں