اسلام آباد میں خود رو جھاڑیوں، جنگلی گھاس اورخود رو پودوں کو تلف کرنے کیلئے سی ڈی اے کی خصوصی مہم جاری

منگل 18 اگست 2015 22:04

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء) سی ڈی اے کے انوائرنمنٹ ونگ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں خود رو جھاڑیوں، جنگلی گھاس اورخود رو پودوں کو تلف کرنے کیلئے خصوصی مہم جاری ہے جس میں انوائرنمنٹ ونگ کے اہل کار حصہ لے رہے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل کی ہدایت پر شروع کی جانے والی اس خصوصی مہم کے دوران مختلف رہائشی علاقوں کے علاوہ گرین بیلٹس اور بڑی شاہراہوں کے اردگرد بڑھی ہوئی گھاس اور جنگلی جھاڑیوں کو تلف کیا جا رہا ہے ۔

ممبر انوائرنمنٹ سید مصطفین کاظمی نے اس خصوصی مہم کے لیے اسلام آباد کے رہائشی علاقوں کے لیے انوائرنمنٹ ونگ کے افسران کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جبکہ سپروائزری سٹاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فیلڈ میں موجود رہتے ہوئے اس مہم کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

اس خصوصی مہم سے مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے انوائرنمنٹ ونگ کے ٹرانسپورٹ سیکشن کو گاڑیوں اور دیگر آلات کی فراہمی کے لیے بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ سی ڈی اے کے دیگر شعبوں سے بھی معاونت کی جا رہی ہے۔

اس مہم کے دوران اسلام آباد کے نالوں کے اردگرد بھی جنگلی جھاڑیوں اور پودوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر انوائرنمنٹ ونگ نے اسلام آباد کے تمام بڑے پارکوں بشمول اسلام آباد کے رہائشی علاقوں میں موجود پارکوں کے اندر بھی گھاس کی کٹائی اور صفائی کی جا رہی ہے تاکہ ان پارکوں میں آنے والے شہریوں کو صحت افزاء تفریح مہیا کی جا سکے۔

اس خصوصی مہم کے دوران اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں درختوں کی کانٹ چھانٹ بھی کی جا رہی ہے تاکہ ان درختوں کی افزائش زیادہ بہترطریقے سے ہو سکے۔ اس خصوصی مہم کی تکمیل کے بعد اسلام آباد کے تمام چوراہوں ، شاہراؤں اور ایونیو ز کی لینڈ سکیپنگ کرنے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے جہاں خوبصورت پھولدار موسمی پودے لگائے جائیں گے۔ مہم کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کر کے باقاعدہ رپورٹ لینے کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہر کو صاف ستھرا اور ماحول دوست بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ نتائج حاصل کئے جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں