اسلام آباد ، سیکٹر جی سیون تھری فور کی ڈسپنسری میں ادویات اور بی پی آپریٹس کی عدم دستیابی،مریضو ں کو مشکلا ت کا سا منا

بدھ 19 اگست 2015 12:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) شہریوں کی سہولت کے لئے بنائی گئی سیکٹر جی سیون تھری فور کی ڈسپنسری میں ادویات اور بی پی آپریٹس عدم دستیابی کے باعث لوگوں کے لئے مسائل پیدا ہونے شروع ہو گئے ہیں ۔ لیڈی ڈاکٹر نادیہ جبین بھی ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضر رہنے لگی ۔ سٹاف نے سرکاری ملازمتوں کے لئے میڈیکل ٹیسٹ کروانے والے امیدواروں سے پیسے لے کر معاملات کلیئر کروانا شروع کر دیئے ۔

بلڈ پریشر کے دو مریض برآمدے میں بیٹھے بیٹھے چکرا کر گر پڑے جن کے لواحقین اپنی مدد آپ کے تحت انہیں پمز لے کر گئے ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے ہر سیکٹر میں شہریوں کے لئے الگ الگ ڈسپنسری کھول کر شہریوں کی فوری طبی امداد کی سہولت فراہم کی گئی ہے مگر سیکٹر جی سیون تھری فور کی ڈسپنسری اس وقت بدترین حالات سے دوچار ہے کیونکہ اس ڈسپنسری میں تعینات لیڈی ڈاکٹر اکثر و بیشتر ڈیوٹی سے غائب رہتی ہے اور گزشتہ روز بھی دس بجے تک وہ ڈیوٹی پر نہیں تھی جبکہ ڈسپنسری میں بلڈ پریشر اور شوگر کے مریضوں کا ہجوم لگا ہوا تھا ۔

(جاری ہے)

ڈسپنسری میں موجود کوئی بھی سٹاف کارکن کسی مریض کو طبی امداد فراہم کرنے کے لئے تیار نہیں تھا حتیٰ کہ میل یا فی میل نرس مریضوں کا بلڈ پریشر چیک کرنے کے لئے بھی تیار نہیں تھے ۔ ان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پوری ڈسپنسری میں صرف ایک بلڈ پریشر چیک کرنے کے لئے مشین موجود ہے اور وہ بھی لیڈی ڈاکٹر نادیہ جبین کے کمرے میں پڑی ہے جب تک وہ نہیں آتیں ہم کسی کی کوئی ہیلپ نہیں کر سکتے ۔

اس کے علاوہ ڈسپنسری میں سردرد کی گولیاں اور ایک کھانسی کا سیرپ بیماریوں کے لئے موجود تھا جبکہ باقی ادویات کے لئے شہریوں کو پرائیویٹ میڈیکل سٹورز سے خریدنے جانا پڑتا ہے حالانکہ حکومت ہر سال ان ڈسپنسریوں کو ادویات کی فراہمی کے لئے خطیر رقم فراہم کرتی ہے ۔ ڈسپنسری میں ایک طرف بیماریوں کا ہجوم تھا جبکہ دوسری طرف صحن میں سرکاری ملازمتوں کے لئے میڈیکل کے لئے آنے والے شہریوں کو ڈسپنسری کے ملازمین نے گھیرا ہوا تھا ۔

ڈسپنسری کے ملازمین سرکاری ملازمتوں کے لئے میڈیکل ٹیسٹ کروانے والے امیدواروں سے ” مٹھائی“ وصول کرنے میں مصروف تھے ۔ اس حوالے سے لیڈی ڈاکٹر نادیہ جبین کے پرائیویٹ سیکرٹری علی اصغر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ صورت حال معمول کی بات ہے ۔ لیڈی ڈاکٹر صاحبہ اپنے شیڈول کے مطابق ہی آتی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈسپنسری میں موجود سب لوگ ہی اپنی مرضی کے مالک ہیں آپ نے درخواست دینی ہے تو متعلقہ فورم پر جا کر دیں ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں