وزیر اعظم سے فضل الرحمن کی ملاقات،متحدہ کے19 مطالبات پیش کر دیئے

بدھ 19 اگست 2015 14:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی جس میں انہوں نے ایم کیو ایم کے استعفوں سے متعلق ہونے والی پیش رفت ، متحدہ قیادت کے تحفظات سے آگاہ کیا اور19 مطالبات کی فہرست وزیر اعظم کے حوالے کر دی، ذرائع نے بتایا کہ جے یو آئی (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے یہاں وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے ،دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال سمیت باالخصوص ایم کیو ایم کے استعفوں اور متحدہ کے کارکن رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملہ سے پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مولانا فضل الرحمن نے گزشتہ روز نائن زیرو پر متحدہ رہنماؤں سے ہونے والے مذاکرات بارے وزیر اعظم کو تفصیل سے آگاہ کیا جبکہ مولانا نے متحدہ قائد الطاف حسین سے ٹیلی فونک رابطے اوربات چیت کے دوران ان کے تحفظات سے بھی آگاہ کیااورایم کیو ایم کی دوبارہ پارلیمنٹ واپسی کے حوالے سے 19 مطالبات کی فہرست وزیراعظم کو پیش کر دی ،ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے سیاسی ہم آہنگی ،استحکام ،مصالحت کیلئے مولانا فضل الرحمن کے کردار کی تعریف کی ہے،وزیر اعظم نواز شریف نے مولانا فضل الرحمن کو دوٹوک الفاظ میں کہا کہ متحدہ کے تمام جائز مطالبات دور کرنے کے لئے تیار ہیں تاہم کراچی آپریشن پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،کراچی سمیت ملک بھر میں امن و استحکام کا قیام حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت مفاہمت کی پالیسی پر یقین رکھتی ہے،حکومت نے تمام سیاسی جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کیا ہے،

سیاسی جماعتوں پارلیمانی کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ،ملک کودرپیش مسائل کاحل باہمی اتفاق و اتحاد سے ہی نکلے گا،ایم کیو ایم کو پارلیمنٹ میں رہ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پر حملے کے بعد ایم کیو ایم سے استعفوں سے متعلق مذاکرات متاثر ہوئے ہیں،ایک دوروز میں صورت حال بہتر ہو جائیگی،انہوں نے کہا کہ متحدہ کے قائد الطاف حسین اور رابطہ کمیٹی کے ارکان کا استعفوں سے متعلق معاملے پر رویہ مثبت ہے اور کراچی آپریشن پر متحدہ کو کسی قسم کا کوئی اعتراض نہیں ہے،حکومت اور اپوزیشن کو مثبت رویہ سے آگاہ کر دیا ہے،نائن زیرو پر مذاکرات کے دوران متحدہ کی جانب سے 19 مطالبات پیش کئے گئے ان مطالبات کو وزیر اعظم کو پیش کر دیئے ہیں،انہوں نے کہا کہ متحدہ کے جائزہ مطالبات منظور کئے جائیں گے،ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ متحدہ کراچی آپریشن پر نگران کمیٹی کا قیام چاہتی ہے اس میں کوئی اصولی رکاوٹ نظر نہیں آتی ہے، متحدہ کے مذاکرات کا اگلا دور اسلام آباد میں ہی ہوگا،مولانا نے کہا کہ یہ نہیں کرسکتے کہ ایک فریق کو ایوان میں بیٹھائیں اور دوسرے فریق کو ایوان سے باہر کر دیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں